زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ سپورٹس گالہ اختتام پذیر ہوگیا

پیر 16 اکتوبر 2017 22:54

فیصل آباد۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کلیہ سائنسز کے زیراہتمام منعقدہ سپورٹس گالہ اختتام پذیر ہوگیا جس میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے کھلاڑیوں نے تمام گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44پوائنٹس کے ساتھ اوورآل چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ شعبہ فزکس 37پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ کیمسٹری 28پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔

9تا 16اکتوبر تک سپورٹس گرائونڈز میں جاری رہنے والے سپورٹس گالہ کے آخری روز کبڈی کے دلچسپ مقابلے میں کیمسٹری نے فزکس کے مقابلہ میں 21/19سے کامیابی حاصل کی۔ بوائزکرکٹ میں کمپیوٹر سائنس نے فزکس کو شکست سے دوچار کیا جبکہ فٹ بال میں فزکس نے کمپیوٹر سائنس کے مقابلہ میں کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

کمپیوٹر سائنس نے باسکٹ بال‘ ٹیبل ٹینس اور ہینڈ بال میں فزکس اور کیمسٹری پر برتری ثابت کی۔

رسہ کشی کے فائنل مقابلے میں کیمسٹری نے کمپیوٹر سائنس ‘ چیس میں کمپیوٹر سائنس نے بائیو کیمسٹری جبکہ اتھلیٹکس میں میتھ و سٹیٹ نے کمپیوٹر سائنس کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ لڑکیوں کے فائنل مقابلوں میں بائیو کیمسٹری نے کمپیوٹر سائنس کے خلاف کرکٹ میں کامیابی حاصل کی۔ باسکٹ بال میں فزکس نے کمپیوٹر سائنس پر برتری ثابت کی جبکہ ٹیبل ٹینس میں زوالوجی نے کیمسٹری کے خلاف فتح حاصل کی۔

فزکس نے بیڈمنٹن میں زوالوجی جبکہ ہینڈ بال میں بائیو کیمسٹری کو شکست دی جبکہ رسہ کشی میں کیمسٹری نے زوالوجی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ لڑکیوں میں چیس اور اتھلیٹکس مقابلوں میں فزکس بالترتیب کیمسٹری اور زوالوجی کے خلاف فتح سے ہمکنار ہوئی۔ کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر کمپیوٹر سائنس کے نوجوان علی حسن اور فٹ بال میں میتھ و سٹیٹ کے علی کو مین آف دی میچ جبکہ گرلز کرکٹ میں بائیوکیمسٹری کی مریم کو ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے کبڈی کا فائنل مقابلہ دیکھا اور تقسیم انعامات میں ٹرافیاں و انعامات فاتح اور رنراًپ ٹیموں کے کپتانوں کے حوالے کرتے ہوئے سپورٹس گالہ کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی توانائی مثبت انداز میں صرف کرنے کا موقع ملتا ہے اور ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کا جذبہ اور جوش و لولہ سپورٹس مین سپرٹ سامنے لانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے طلبہ پر زور یا کہ سپورٹس گالہ کے بعد انہیں اب پوری توجہ پڑھائی پر صرف کرنی چاہئے اور اپنے اساتذہ سے علم کی زیادہ سے زیادہ روشنی کشید کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور ماں باپ کی عزت و تکریم میں کبھی کمی نہ لائیں اسی میں ان کی کامیابی اور فلاح ہے۔ اختتامی تقریب سے ڈین کلیہ سائنسزڈاکٹر اصغر باجوہ ‘ سپورٹس گالہ کے کوارڈی نیٹر ڈاکٹر خلیل الرحمن نے بھی خطاب کیا۔