حکومت پنجاب نے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں،ڈپٹی کمشنر

پیر 16 اکتوبر 2017 22:54

سیالکوٹ۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب نے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوںنے ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے منعقدہ آگاہی واک کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل انوار کلب آڈیٹوریم میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے اے ڈی سی جی میثم عباس، ڈی ایف سی روحیل احمد بٹ، سی ای او ایجوکیشن مقبول شاکر،مرزا عبدالشکور ، ڈاکٹر خدیجہ اعوان نے خطاب کیا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کو بہتر طریقے سے سٹور کرنے کیلئے جدید سٹوریج سائلوز قائم کئے ہیں، کھیت سے منڈی اور وہاں سے باورچی خانے تک گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے، آٹے کی قیمت کنٹرول رکھنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے ، لاہور میں بین الااقوامی معیار کی فوڈ ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی ہے جبکہ خوراک کے اجزا آٹا ، نمک ، گھی میں وٹامنز اور منرلز کی متناسب مقدار یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر روحیل بٹ نے خوراک کے عالمی دن کی اہمیت بیان کی اور صوبے میں فوڈ سکیورٹی اور شہریوں کو متوازن خوراک کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :