لالہ موسیٰ، محکمہ خوراک کے زیر اہتمام ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے وا ک و سیمینار

پیر 16 اکتوبر 2017 22:54

لالہ موسیٰ۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ خوراک کے زیر اہتمام ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے آگاہی وا ک اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر گجرات محمد علی رندھاوا نے کی، واک اسسٹنٹ کمشنر آفس سے ڈپٹی کمشنر آفس تک کی گئی اور شرکا کو ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے آگاہی کا پیغام دیا گیا ،اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس عامر ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے جدید اور بہتر پیداوار کے حامل بیجوں کو فروغ اور کسانوں کو بھر پور سہولیات فراہم کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والے قانون سے بچ نہیں سکتے ، اس ضمن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی اور انتظامیہ گجرات کریک ڈاؤن کر رہی ہے، سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر گجرات اذبہ اعظم، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈمحمد عدنان، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راحیل احمد، سی ای او ایجوکیشن طاہر کاشف، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عثمان سندھو، سوشل ویلفیئر آفیسر امجد کلیر ، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی،انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اور صحت بخش غذا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قیام اور اس سلسلہ میں لاہو ر میں بین الاقوامی معیار کی سب سے بڑی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا قیام بھی عمل میں لایا گیاہے ، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خالص اور صحت بخش غذا کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جدید اور بہتر پیداوارکو فروغ دیا جا رہا ہے ، صحت بخش ، خالص اور متوازن خوراک ہر پاکستانی کا حق ہے ،مقررین نے کہا کہ انسان کو گوشت، سبزیوں ، دالوں سمیت متوازن خوراک استعمال کرنا چاہیے جو انسانی صحت کیلئے نہایت اہم ہے ، انہوں نے کہا کہ متواز ن غذا کھانے سے ہی انسان صحت مند زندگی گزار سکتا ہے ۔