فرانس کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، توانائی، فوڈ پراسسنگ، آٹو موبائل، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کریں

وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کی فرانس کے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

پیر 16 اکتوبر 2017 22:52

فرانس کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، ..
پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل پرویز ملک نے فرانس کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے اور توانائی، بنیادی ڈھانچہ کی ترقی، فوڈ پراسسنگ، آٹو موبائل، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ وفاقی وزیر ان دنوں پیرس کے دورہ پر ہیں۔

ان کے دورہ کا مقصد دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال اور جی ایس پی پلس کے جائزہ کیلئے حمایت حاصل کرنا ہے۔ پیرس میں انہوں نے فرانس کی وزارت برائے یورپ و امور خارجہ کے نائب وزیر جین بیپٹسٹے، صدر ایم ای ڈی ایف انٹرنیشنل فلپ گوئٹر، پاکستان۔فرانس بزنس کونسل کے صدر تھیری پمفلن اور پیرس چیمبر آف کامرس کے صدر ڈائیڈر کلنگ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے فرانس کی قومی اسمبلی کا بھی دورہ کیا اور پاکستان۔فرانس دوستی گروپ کے ارکان سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا موجودہ حجم دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے تجارتی حجم بڑھانے کیلئے کاروباری روابط اور دورے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بالخصوص جی ایس پی پلس کے حوالہ سے یورپی یونین میں تجارت سے متعلق رعایتوں کیلئے فرانس کی حمایت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ فرانس جی ایس پی پلس پر جائزہ کے عمل کے دوران پاکستان کی حمایت کرے گا۔