بحرین کی حکومت نے بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پاکستان کی شرکت کو سراہا ہے،پاکستانی سفیر جاوید ملک

پیر 16 اکتوبر 2017 22:52

ماناما ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے کہا ہے کہ بحرین کی حکومت نے بحرین کی بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پاکستان کی شرکت کو سراہا ہے اور بحرین کے ولی عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ نے اپنے بھائی اور کمانڈر رائل گارڈ شیخ نصر بن حمد الخلیفہ، بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور سینئر وزراء کے ہمراہ پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے اور بالخصوص خطہ کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور خطہ میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں ہمارا نکتہ نظر انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے تمام دوستوں اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر یقین رکھتا ہے اور اس اہم نمائش میں پاکستان کی موجودگی اس بات کی واضح مثال ہے کہ پاکستان علاقہ کے ملکوں کیلئے کتنا اہم ہے۔

(جاری ہے)

دفاعی نمائش و کانفرنس میں ممتاز دفاعی ماہرین، وزراء دفاع اور سرکاری حکام شرکت کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کلیدی خطاب بھی ہو گا۔ نمائش میں سعودی عرب، برطانیہ، یو اے ای، اٹلی، روس، کینیڈا، امریکہ، ترکی اور دیگر ممالک شریک ہیں۔ نمائش میں پاکستان سے شرکت کرنے والوں میں ڈیپو کیویلیر گروپ، نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشنز کمپنی اور دیگر شامل ہیں جبکہ چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی کی زیر قیادت ایک وفد بھی نمائش میں شریک ہے۔

متعلقہ عنوان :