میونسپل ڈسپنسری نواں گوٹھ کو فعال کیا جائے ، صدر راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن

پیر 16 اکتوبر 2017 22:36

سکھر۔16اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) راجپوت بندھانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شریف بندھانی نے کہا ہے کہ میونسپل ڈسپنسری نواں گوٹھ کو فعال کیا جائے ، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر نائب صدر حاجی خضر حیات، نائب صدر حاجی مسلم، جنرل سیکریٹری حاجی محمد یامین و دیگر بھی موجود تھے، انہوںنے مذید کہا کہ 50ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل نواں گوٹھ کے مکین صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، علاقے میں موجود واحد میونسپل ڈسپنسری طویل عرصے سے غیر فعال ہیں اور تعینات ڈاکٹرز و عملہ گھر بیٹھے تنخواہوں کی وصولی میں مصروف ہے۔

اس حوالے سے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے بھی بات کی تھی اور میئر سکھر کو پیش کردہ 14نکات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ میں بھی میونسپل ڈسپنسری کو فعال بناکر ڈاکٹرز و عملے کی تعینات کا مطالبہ کیا تھا مگر اس پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا ہے اور میونسپل ڈسپنسری غیر فعال ہے، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔