ہندو برادری نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے،میئر سید طیب حسین

پیر 16 اکتوبر 2017 22:34

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) میئر سید طیب حسین نے کہا ہے کہ ہندو برادری جہاں محب مذہب ہے وہاں محب وطن بھی ہے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگا شیو مندرسرکٹ ہاوس میں نوراتری کے سلسلے میں منعقدہ سالانہ میلے میں شرکت کے موقع پر منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،مئیر سید طیب حسین کے درگا شیو مندر سرکٹ ہاوس پہنچنے پر مکھی بھگت کرم چند اور بھگت مہش چند و دیگر نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے مندر کا معائنہ کرایا،اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ممبرز راجہ مہا ویر،رومس بھٹی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے،ہندو برادری نے میئر سید طیب حسین کو اپنے درمیان پا کر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے میلے میں ان کی آمد کا شکریہ ادا کیا،بعد ازاں میئر سید طیب حسین کالی ماتا مندر فتح چوک پہنچے،ڈسٹرکٹ کونسل ممبر راجہ مہاویر بھی ان کے ہمراہ تھے،منتظمین نے میئر حیدرآباد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور پھول نچھاور کرتے ہوئے اسٹیج تک پہنچایا،جہاں سندھ کا روائتی تحفہ اجرک پیش کی،اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی انجنیئر صابر حسین قائم خانی،یوسی چیئرمین رانا نوید،ڈسٹرکٹ کونسل ممبر راجہ مہاویر بھی موجود تھے،میئر سید طیب حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام تمام قومیت کے احترام اور ان کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے،ہند برادری اپنی عبادات میں پاکستان کی سلامتی،امن و امان کے قیام،محبت و اخوت،بھائی چارے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کریں۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی سمبلی انجنیئر صابر حسین قائم خانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہند برادری جس انداز میں دیوالی کی تیاری اور نوراتری کی تقریبات منا رہی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذہب اسلام تمام قومیت کے حقوق کا پاسدار ہے،یہی وجہ ہے ہندو برادری کو پاکستان میں مکمل تحفظ اور آزادی حاصل ہے۔