ضلعی ہائی و ہائر سکینڈری سکولز کرکٹ ٹورنامنٹ ، ہائی سکول نمبر3 اور ہائر سکینڈری سکول بریلہ کی ٹیمیں اگلے رائونڈ میں پہنچ گئیں

پیر 16 اکتوبر 2017 22:34

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) ضلعی ہائی و ہائر سکینڈری سکولز کرکٹ ٹورنامنٹ چیمپئن شپ میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر3 ہری پور نے ایم ڈی میرا کو جبکہ ہائر سکینڈری سکول بریلہ نے ہائی سکول جب کو شکست دیکر اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا، ہائی سکول نمبر3 کے بائولر زاہد خان نے تباہ کن بائولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

محکمہ تعلیم ضلع ہری پور کے زیر اہتمام پی سی بی گرائونڈ پر جاری ضلعی ہائی و ہائر سکینڈری سکولز کرکٹ چیمپئین شپ کے پہلے میچ میں جی ایچ ایس ایم ڈی میرا کا کوئی بھی کھلاڑی جی ایچ ایس نمبر3 ہری پور کے مایہ ناز بائولر زاہد خان کو کھیلنے میں کامیاب نہیں ہو سکا اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے لوٹتے پوری ٹیم آٹھ اوورز میں صرف 24 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

زاہد خان نے سکولز ٹورنامنٹ کی بہترین بائولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ ایم ڈی میرا کا کوئی بھی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہیں ہو سکا جس کے جواب میں جی ایچ ایس نمبر 3 ہری پور کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے پندرہویں اوور میں حاصل کر لیا۔ محب خان 17 اور الیاس خان 9 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹورنامنٹ تیمور خان، ممبران گرائونڈ کمیٹی محمد اختر، اجمل خان، خالد اقبال جدون، محمد ارشاد، عبدالباقی، نوید لدھا، عماد اعجاز اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایمپائرنگ حافظ شکیل احمد اور طاہر فاروق جبکہ سکورنگ کے فرائض عمران یعقوب ملک نے انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :