ایبٹ آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے کی لاگت سے جامع منصوبہ منظور کیا ہے

وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی کی کے کے ایچ کے دونوں اطراف مختلف مقامات کے معائنہ کے موقع پر ہدایت

پیر 16 اکتوبر 2017 22:34

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ ضلع ایبٹ آباد میں خوبصورتی اور ضروری بنیادی سہولیات کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے کی لاگت سے ایک جامع منصوبہ منظور کیا ہے جس کے تحت ایبٹ آباد شہر سلہڈ تا قلندر آباد، شملہ ہل، مری روڈ تا تھاہی، اندورن شہر کی سڑکوں کی تعمیر نو ہو گی، جناح باغ کی تزئین و آرائش، سٹریٹ لائٹس، سلہڈ میں جنازہ گاہ و پبلک پارک کی تعمیر، ایبٹ آباد شہر کے تمام قبرستانوں کو محفوظ بنانے کیلئے چار دیواری، سلہڈ تا قلندر آباد کے کے ایچ سڑک کے اطراف میں سیاحت کے فروغ کیلئے تزئین و آرائش اور دیگر سہولتوں کی فراہمی بھی منصوبہ کا حصہ ہے جس سے ایبٹ آباد میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور ایبٹ آباد شہر ایک خوبصورت ترین شہروں میں شامل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

حاجی قلندر خان لودھی نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے مشتاق احمد غنی اور ان کی کوششوں سے اس منصوبہ کی منظوری دی جس پر انشاء الله جلد کام کا آغاز ہو گا، اس منصوبہ سے ایبٹ آباد شہر میں ٹریفک کی بندش، گندگی اور پارکنگ کے مسائل کا خاتمہ ہو گا، اس منصوبہ پر صوبائی حکومت اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے شکر گذار ہیں۔

یہ بات انہوں نے سوموار کو کے کے ایچ کے دونوں اطراف مختلف مقامات کے معائنہ کے موقع پر ٹی ایم اے ایبٹ آباد کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے بتائیں۔ حاجی قلندر خان لودھی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جس تبدیلی کا وعدہ عوام سے کیا تھا وہ یہی تبدیلی ہے۔ اس موقع پر ایکسین ٹی ایم اے ایبٹ آباد امجد شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایبٹ آباد شہر کی خوبصورتی کیلئے ایک ارب روپے کی لاگت سے کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان اور ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر کی سربراہی میں روڈ سائیڈ پر سیاحوں کیلئے پکنک سپاٹ اور خوبصورت لیٹریں تمام جدید سہولیات کے ساتھ تعمیر ہوں گی، اس کے ساتھ ساتھ روڈ سائیڈ پر دیواروں، شملہ پارک کی بہتری اور تزئین و آرائش کیلئے 15 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سہولیتں مہیا کی جائیں گی۔

اربن ایریا کی تمام سڑکوں پر ایل ای ڈی لائٹس، گول منڈی، گوشت مارکیٹ، فش شاپ کو بھی جدید طرز پر خوبصورت بنایا جائے گا، ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر سٹی کے اندر ٹریفک کنٹرول منصوبہ بھی اس میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نواں شہر، ملک پورہ سنٹرل اربن سٹی، فوارہ چوک تا تھاہی، منڈیاں، کریم پورہ اور دیگر مختلف چوکوں کو خوبصورت تعمیر کیا جائے گا۔

مرکزی عید گاہ اور اس کے ساتھ جنرل سوزوکی سٹینڈ اور لنڈا بازار کو بھی خوبصورت بنانا اس منصوبہ میں شامل ہے۔ پورے شہر کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر اور خوبصورت ڈیزائن کی بنائی جائیں گی۔ ایبٹ آباد شہر کی تمام تاریخی عمارات جس میں جلال بابا آڈیٹوریم، میونسپل ہال، تحصیل بلڈنگ، تھانہ کینٹ کو بھی محفوظ اور خوبصورت بنانے کا کام بھی شامل ہے جبکہ سستا بازار، لاہور طرز کی فوڈ سٹریٹ، عیدگاہ کے قریب سوزوکی اسٹینڈ میں عالی شان پلازہ کی تعمیر اور جناح باغ کی خوبصورت کا کام بھی اس میں شامل ہے۔