صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی

پیر 16 اکتوبر 2017 22:32

صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن ..
کوئٹہ۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے حکومتی سطح پر ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں زیر تربیت آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی حکومت کے ترجمان انوارالحق کاکڑ،سیکرٹری ایس اینڈ جی،اے،ڈی عبدالرحمن بزدار،سیکرٹری داخلہ محمد اکبر حریفال،سیکرٹری خزانہ حیدر علی شکوہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے تدارک کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس ،ایف سی،لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا کسی مذہب یا فرقے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔بلوچستان میں بہت سے جرائم کی شرح بہت کم ہوچکی ہے۔ پولیس اور دیگر محکموں میںتعیناتیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہمیں بہت سے کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔بلوچستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں ۔صوبے کے لوگ امن و چین سے زندگی بسر کررہے ہیں۔چیزیں بہتری کی جانب رواں دواں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون کے بغیر ہمارے مسائل حل نہیں ہونگے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔