پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام مسلم ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں ، ان کا مقابلہ ..
تازہ ترین : 1
پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام مسلم ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں ..

پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام مسلم ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں ، ان کا مقابلہ باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے

امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2017ء)لاہور میں ایران کے نئے قونصل جنرل مجید صادقی دولت آبادی نے پیر کے روز منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال پر مفصل گفتگو ہوئی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور ایران سمیت خطے کے تمام مسلم ممالک کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور ان کا مقابلہ باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیطا نی قوتیں ہمیشہ کی طرح بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتی ہیں۔ لیکن ہم سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ مسلم ممالک کے مابین غلط فہمیاں اور اختلافات ختم ہوں۔اس موقع پر ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جماعت ہے اور اتحاد اُمت ہماری دینی اساس ہے۔

ہم اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے تمام ممالک کو مل کر خطے سے ظلم و جارحیت ختم کرنے کی کوشش کرنا ہو گی۔ایرانی قونصل جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری کو کما حقہ پورا کرنے کے لیے ایران و پاکستان تعلقات کو مضبوط تر کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں چہرے بدلنے سے عالم اسلام کے بارے میں ان کی پالیسیاں نہیں بدلتیں۔ ایران نے پہلے بھی کامیابی سے خطرات کا مقابلہ کیا ہے اور ہم آئندہ بھی کامیاب ہوں گے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 16/10/2017 - 22:16:25

اپنی رائے کا اظہار کریں