فلم پدماوتی کی 48 گھنٹوں میں بنائی گئی رنگولی چند منٹوں میں تباہ

پیر 16 اکتوبر 2017 22:10

فلم پدماوتی کی 48 گھنٹوں میں بنائی گئی رنگولی چند منٹوں میں تباہ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء) بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی فلم ’پدماوتی‘ طویل عرصے سے تنازعات کا شکار بن رہی ہے۔حال ہی میں اس فلم کے پوسٹرز اور ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا تھا، جس کے بعد ہندو انتہاپسند تنظیم جے راجپوتانہ سنگھ نے فلم کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کو دھمکی دے دی کہ اگر انہوں نے اس فلم میں علاؤالدین خلجی اور رانی پدماوتی کے درمیان کوئی نامناسب سین پیش کیا تو وہ سینما گھروں کو آگ لگا دیں گے۔

اس سے قبل اس فلم کے پوسٹرز بھی جلائے جاچکے ہیں جبکہ سیٹس پر بھی حملہ کیا گیا، اور اب فلم کے ایک پوسٹر پر بنائی رنگولی بھی تباہ کردی گئی۔اس فلم میں دپیکا پڈوکون کے پوسٹر پر ایک ہندوستان فنکار کرن نے رنگولی تیار کی، جسے مکمل کرنے میں 48 گھنٹے لگے، تاہم فلم کے خلاف جاری احتجاج کے باعث اس آرٹسٹ کی گھنٹوں کی محنت برباد کردی گئی۔

(جاری ہے)

اس فنکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دپیکا پڈوکون کی فلم کے لیے بنائی گئی رنگولی کی تصویر شیئر کی، اور ساتھ ساتھ اس وقت کی تصویر بھی شیئر کی جب اسے تباہ کردیا گیا تھا۔

کرن نے اپنی تصاویر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’100 لوگوں کے ہجوم نے میری 48 گھنٹوں کی سخت محنت کو تباہ کردیا‘۔دپیکا پڈوکون نے بھی اس فنکار کی جانب سے بنائی گئی رنگولی کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔خیال رہے کہ فلم ’پدماوتی‘ کی کہانی چتور گڑھ کی رانی پدمنی کے گرد گھومتی ہے جنہیں پدماوتی بھی کہا جاتا ہے، وہ بیحد خوبصورت تھیں، جن کی خوبصورتی کے چرچے سٴْن کر اور شیشے میں ان کی ایک جھلک دیکھ کر ظالم بادشاہ علاؤ الدین خلجی ان کا دیوانہ ہوگیا اور انہیں حاصل کرنے کے لیے پدماوتی کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کو قتل کردیا۔۔

متعلقہ عنوان :