اورکزئی ایجنسی سے چرس کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام

پیر 16 اکتوبر 2017 21:54

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے چرس کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکربین الصوبائی منشیات سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔کارروائی استرزئی پولیس سٹیشن کی حدود میں مرئی چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران عمل میں لائی گئی۔ لاکھوں مالیت کی چرس موٹر کار کے خفیہ خانوں سے برآمد ہوئی ۔

منشیات کی سمگلنگ میں استعمال ہونیوالی گاڑی بھی تحویل میں لیکر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی انسداد منشیات کے حوالے سے وضع کردہ جامع حکمت عملی کے نتیجے میں پولیس کی پے درپے کاروائیوں کاتسلسل کامیابی سے جاری ہے جسمیں ایک عرصے کے دوران متعدد مقامات پر منشیات سمگلنگ کی کئی کوششیں ناکام بنادی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

کاروائیوں کے اس سلسلے میں گزشتہ روز ایس ایچ او تھانہ استرزئی گل جنان نے پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ اورکزئی روڈ پر واقع مرئی پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر LWG-8411کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پرلاکھوں مالیت کی 16کلو گرام اور 800گرام چرس برآمد کرکے موٹر کار میں سوار منشیات کے بین الصوبائی سمگلر لعل نور ولد سیدنذیر سکنہ باڑا خیبر ایجنسی کو گاڑی سمیت حراست میںلے لیا۔

منشیات کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار سمگلر کو فوری طور پر تھانہ استرزئی منتقل کردیا گیا جہاں اسکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔پولیس کے مطابق گرفتار منشیات سمگلر نے ابتدائی پوچھ گچھ میں چرس قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے پنجاب سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے ۔ملزم کو بعد ازاں مقامی عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :