نظریہ پاکستان کونسل کے تحت لیاقت علی خان کی برسی کے موقع پر شاندار تقریری مقابلے کا انعقاد، تیس سے زائدمقررین نے حصہ لیا

پیر 16 اکتوبر 2017 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) نظریہ پاکستان کونسل اسلام آباد کے تحت ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں پاکستان کے پہلے وزیرِ اعظم خان لیاقت علی خان کی چھیاسٹھیوں برسی کے موقع پر "تحریکِ پاکستان اور قیامِ پاکستان میں شہیدِ ملت کی خدمات" کے موضوع پر طلبہ و طالبات کے مابین ایک زبردست تقریری مقابلہ ہوا جس میں راولپنڈی/اسلام آباد اور گرد و نواح کے تعلیمی اداروں سے تیس سے زائد مقررین نے حصہ لیا۔

تقریری مقابلے کی صدارت کونسل کے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید نے کی جبکہ مجلسِ عاملہ کی رُکن اور معروف سماجی کارکن مسز فرخ خان مہمانِ خصوصی تھیں۔اس موقع پر اپنا صدارتی خطاب میں میاں محمد جاوید نے کہا کہ انہیں طالبعلموں کی تقاریر سُن کر یہ روح پرور احساس ملا ہے کہ ہماری نئی نسل اپنے مشاہیر کے کارکنوں سے واقف ہونے کے ساتھ ساتھ اُن کے نقشِ قدم پر چل کر ملکِ پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کا عزم رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریکِ مقابلہ طلبہ و طالبات نے شہیدِ ملت کی زندگی اور قومی خدمات کے حوالے سے بہترین تحقیقی مواد پر مشتمل تقاریر کی ہیں۔ مسز فرخ خان نے کہا کہ نظریہ پاکستان کونسل نئی نسل کو نظریہ پاکستان کی اہمیت ، تحریکِ پاکستان کے مقاصد، قیامِ پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں اور نظریہ پاکستان کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے میں اپنی سرگرمیوں کے ذریعے اہم کردار انجام دے رہی ہے۔

تقریب سے کونسل کی مجلسِ عاملہ کے اراکین ڈاکٹر انعام الحق اور مسز نرگس ناصر نے بھی مختصر خطاب کیا اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ وطن کی خدمت کرنے میں اپنا کردار پوری ذمہ داری سے ادا کرتے رہیں، مصنیفن کے فیصلے کے مطابق مثالی سکول واہ کینٹ کے جمال الدین حقانی نے پہلا اور ایف جی ماڈل سکول ایف سکس ون کی رقیہ بی بی نے دوسرا انعام حاصل کیا جبکہ تیسرا انعام مشترکہ طور پر سر سید انوویٹو سکول راولپنڈی کے ولید حمزہ اور اسلام آباد ماڈل کالج آئی ٹین ون کے حافظ مہدنور اور چوتھا انعام اسلام آباد ماڈل کالج ایف ایٹ فور کی آمنہ ارشد کو دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :