مریدکے ، سی آئی اے نے اصل ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے بے گناہ خاتون کو جیل میں ڈال دیا

پیر 16 اکتوبر 2017 21:51

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء) سی آئی اے پولیس منڈی بہاؤالدین نے اغوا برائے تاوان کے اصل ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے بے گناہ خاتون کو جیل میں ڈال کر اعلی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونک دی۔ خاتون کے کمسن بچے ماں کی ممتا کو ترس گئے جبکہ بوڑھا باپ تھانوں اور کورٹ کچہری کے دھکے کھانے پر مجبور ہو گیا۔ بوڑھے والد نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مدد کی اپیل کر دی۔

بتایا گیا ہے سی آئی اے پولیس ضلع منڈی بہاؤالدین نے تھانہ کھٹیالہ شیخاں تحصیل پھالیہ کے علاقہ سے مبینہ طو ر پر تاوان کی خاطر اغوا ہونے والے بنک اہلکار خرم شہزاد کے مقدمہ نمبر326/17 میں ملوث ملزمان مختار اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے میں ناکامی پر اس کے دوست محمد منور کے بجائے دو کمسن بچو ں کی ماں اس کی بیوی سعدیہ کو تحصیل فیروزوالہ کے علاقہ نظام پور ہ ڈھاکہ سے گرفتار کرکے اعلی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونک دی اور معصوم بچوں کو ماں کی مامتا جبکہ بوڑھے والد عبد العزیز کو در بدر کر دیا۔

(جاری ہے)

بابا عبد العزیز نے اپنے بیٹے ثمر عزیزکے ہمراہ مریدکے پریس کلب میں روتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی نا اہلی کے باعث اغوا کے مبینہ نامز د ملزم مختار رانجھا نے مفرور ی کے دوران ہی خودکشی کر لی جبکہ اس کا مبینہ ساتھی پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکا جس پر پولیس نے اعلی حکا م کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ملزم کی بیوی کو گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ملزم اور اس کے رشتہ داروں کے بجائے سسرالیوں کی جان کی دشمن بن گئی ہے اور پولیس دیگر شریک ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے سعدیہ کے والدین اور بھائیوں کو مقدمہ میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہی ہے جبکہ سعدیہ سے ہر قسم کی ملاقات پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ انہوںنے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس عارف نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ بے گنا ہ سعدیہ کو فوری رہا کرکے اصل ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

انہوںنے کہا کہ پولیس نے پورے خاندان کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے ان کی زندگی عذاب بنا رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مغوی خرم شہزاد مرکزی ملزم مختار رانجھا کا قریبی دوست تھا اور اس کے اغوا کے بعد خود اس کی تلاش کرتا رہا مگر پولیس اس کا کھوج لگانے میں ناکام رہی جس کے بعد ملزم کی پر اسرار خودکشی کا کیس سامنے آگیا۔

متعلقہ عنوان :