پاکستان ریلویز کو ایک قلیل عرصہ میں اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کے قابل بنایا جو ایک معرکہ سے کم نہیں ہے،خواجہ سعد رفیق

پاکستان ریلوے سالانہ 40 ارب روپے کمارہی ہے، وفاقی وزیرریلوے

پیر 16 اکتوبر 2017 21:51

پاکستان ریلویز کو ایک قلیل عرصہ میں اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کے قابل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ خسارے اور مالی بحران کی دلدل میں پھنسے ہوئے پاکستان ریلویز کو ایک قلیل عرصہ میں اپنے پائوں پر کھڑے ہونے کے قابل بنایا جو ایک معرکہ سے کم نہیں ہے۔ انگریز جو کچھ بنا کر دے گئے تھے اس کو بھی صحیح طریقہ سے سنبھالا نہ جا سکا اور گزشتہ 70برسوں میں اس قومی اداروں کو کبھی بھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے سالانہ 40 ارب روپے کمارہی ہے۔انگریزوں کے بنائے گئے قوانین کوکسی نے نہیں چھیڑا۔ہم نے حکومت سے کوئی بیل آؤٹ پیکیج نہیں لیا۔جب مجھے محکمہ ملاتو18ارب روپے کماتے تھے اور اب 31فیصداضافے کیساتھ40ارب روپے کمارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب اورسندھ ریلویزکی زمینیں نام نہیں کررہے۔

بلوچستان اورپختونخوانے ز مینیں ہمارے نام کردی ہیں۔کرایوں میں کمی اور سہولتوں میں اضافے سے مسافروں کی تعداد میں دو کروڑ کا اضافہ ہوا ہے، مختلف ٹرینوں کی جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈیشن کر کے عوام کو معیاری اور آرام دہ سفر کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، فریٹ سیکٹر میں چار سالوں میں مال گاڑیوں کی تعداد 182 سے بڑھ کر 3318 سالانہ تک جا پہنچی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے تحت کراچی سے پشاور مین لائن کی اپ گریڈیشن کا کام دستمبر 2017ء میں شروع ہونا متوقع ہے، جدید سگنل نظام کی تنصیب کے سلسلے میں 22 ریلوے اسٹیشنوں پر جدید کمپیوٹرائزڈ انٹر لاکنگ سسٹم متعارف کروایا جا چکا ہے، چارل سال کی مدت میں 10 ارب مالیت سے زائد کی 1055 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے نے ای ٹکٹنگ اور ڈوپلیکیٹ کا اجراء ممکن بنایا ہے جس سے براہ راست مسافروں کو بڑی سہولت میسر ہوئی ہے۔

پاکستان ریلوے نے ریلوے سکولوں میں بہتر نتائج حاصل کیے اور سپورٹس کے بجٹ میں تین کروڑ روپے کی گرانٹ بڑھا دی ہے۔ سیاست سے متعلق سعد رفیق نے کہاکہ سیاست کاتعلق اداروں سے نہیں ہے۔ حکومت سب کی ہوتی ہے کسی ایک پارٹی کی نہیں ہوتی۔ انہوں نے تجویزدی کہ اداروں کوغیرسیاسی کرناپڑیگا،اس سے ادارے مضبوط ہوں گے۔سعدرفیق نے خدشہ ظاہرکیاکہ سی پیک تاخیرکاشکارہواتوریلوے کااللہ حافظ ہے۔

متعلقہ عنوان :