کوئٹہ، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا سینئر کلرکوں کو بطور اسسٹنٹ گریڈ 15- میں ترقی پانے پر مبارکباد

کیسکو انتظامیہ اکتوبر کے مہینے میں تمام کٹیگریز کی اپ گریڈ ایشن اور پروموشن کے احکامات جاری کرے گی,محمد رمضان اچکزئی

پیر 16 اکتوبر 2017 21:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین ( سی بی ای) کے مرکزی جوائنٹ صدر و صوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی، چیف آرگنائزرسید محمد لہڑی،سیکریٹری عبدالحئی،وائس چیئرمین عبدالباقی لہڑی، جوائنٹ سیکریٹری محمد یار علیزئی، فنانس سیکریٹری ملک محمد آصف اور سیکریٹری نشر و اشاعت سید آغا محمد نے ایک مشترکہ اخباری بیان کے ذریعے 98 سینئر کلرکوں کو بطور اسسٹنٹ گریڈ 15- میں ترقی پانے پر انہیں مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے احکامات پر 31 مئی 2017 سے عملدرآمد کرنے پر کیسکو انتظامیہ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو انتظامیہ نے کلرکوں کے مسئلے کو جس خوش اسلوبی سے حل کیا ہے یونین کو توقع ہے کہ کیسکو انتظامیہ اسی طرح اکتوبر کے مہینے میں تمام کٹیگریز کی اپ گریڈ ایشن اور پروموشن کے احکامات جاری کرے گی تاکہ اہلکار مطمئن حالات میں کیسکو کیلئے اپنی خدمات میں مزید بہتری لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ترقی پانے والے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری اور محنت سے کام کرتے ہوئے کیسکو کی ترقی کیلئے دن رات کام کریں کیسکو کی ترقی سے ہی کارکنوں کے ملازمتوں کا تحفظ اور ان کے مراعات میں اضافہ ممکن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے باقی کٹیگریز کے اہلکاروں کو بھی یقین دلایا کہ سی بی اے یونین باقی ماندہ کٹیگریز کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے گی۔انہوں نے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونین کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ ایک مضبوط یونین کے ذریعے مزدوروں کے مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :