غذائی مسائل کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کوکنگ آئل ،آٹا ،نمک ، گھی کی فورٹی فیکشن شروع

اشیاء خوردونوش کےمعیار پرمستقل نظر رکھنے کیلئے چیکنگ کاسالانہ شیڈول جاری کردیا،غذائی اجزاء میں کمی سےپانچ سال سے کم عمر 34 فیصد بچے وزن کے لحاظ ،انتالیس اشاریہ دو فیصد عمر کے لحاظ جسمانی نشوو نما کی کمی کا شکارہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 16 اکتوبر 2017 20:00

غذائی مسائل کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کوکنگ آئل ،آٹا ،نمک ، گھی کی فورٹی ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اکتوبر2017ء ) :قومی سروے 2011ء کے مطابق پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی عوام غذائیت میں کمی،غذائی عدم تحفظ اور خوراک میں وٹامنز اور نمکیات کی کمی کا شکار ہیں۔غذائی اجزاء کے نامناسب تناسب کی وجہ سے لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔پنجاب میں پانچ سال سے کم عمر 34 فیصد بچے وزن کے لحاظ سے کمزور انتالیس اشاریہ دو فیصد بچے عمر کے لحاظ جسمانی نشوو نما اور تیرہ اشاریہ سات فیصد بچے سوکھڑے پن کا شکار ہیں۔

غذائی اجزاء کے تناسب کو درست نہ کیا گیا تو وہ وقت دور نہیں جب ہم بحیثیت قوم جسمانی طور پر لاغر ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ورلڈ فوڈ ڈے کے موقع پرمحکمہ خوراک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے محفوظ ، متوازن اور صحت مند خوراک کے حوالے سے منعقد کیے گئے آگاہی سیمینار میں کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالا مین مینگل نے ورلڈ فوڈ ڈے کے حوالے سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوراک سے متعلقہ مسائل کوحل کرنے کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فورٹیفیکیشن کا عمل متعارف کروایا ہے جس کے تحت کوکنگ آئل ،آٹااور نمک میں ضروری وٹامنز اور آیوڈین جیسے اجزاء شامل کئے جا رہے ہیں اور پنجاب فوڈ اتھارٹی انسپیکشن ٹیمیں باقاعدگی سے اس کی چیکنگ کرتی رہتی ہیں۔

فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات (آپریشنز)کا کردار محض 5فیصد ہے جبکہ آگاہی 95فیصد کردار ادا کرتی ہے جس کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حال ہی میں ڈائریکٹوریٹ آف پبلک اویرنیس قائم کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مستقل نظر رکھنے کے لئے سالانہ شیڈول جاری کیا ہے جس میں مختلف اشیاء خورونوش کو سال میں متعدد بار چیک کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ ایک سال کے قلیل عرصہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبہ بھر کے تمام اضلاع اورتحصیل کی سطح پر کام کا آغاز کر چکی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نہ صرف فوڈ سیفٹی اور سکیورٹی پر کام کار رہی ہے بلکہ فوڈ نیوٹریشن بھی اولین ترجیح ہے۔ ان کامزید کہنا تھا کہ وزیرِ اعلی پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے عین مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کومنظم، فعال اور مستحکم ادارہ بنانے اورحکومت پنجاب کے مشن کو درست سمت میں آگے بڑھانے کے لیے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالا امین مینگل کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں ۔

تقریب میں شامل ملکی اور غیر ملکی شخصیات نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اب تک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے کردار کو کلیدی قرار دیا۔تقریب میں محفوظ اور صحت مند خوراک کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات کے تفصیلی جائزے کے علاوہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے فوڈ سیفٹی، فوڈ سکیورٹی اور نیو ٹریشن کے متعلق ڈاکومنٹریز دیکھائی گئیں اورپنجاب فوڈ اتھارٹی کی حکمت عملی اور اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

تقریب میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالا امین مینگل ،صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، چیف نیوٹریشن ڈبلیو ایف پی مِس سسیلیاگارزن ، سیکرٹری فوڈ مسٹر شوکت علی ،وی سی یو وی اے ایس ڈاکٹر طلت نصیرپاشا اوراین ایف اے کوارڈینیٹرڈاکٹر خواجہ معصودنے شرکت کی ۔ تقریب کے اختتام پر وزیرِخوراک نے تقریب میں آئے مہمانان ِ میں انعامی شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :