بھارت کی ورلڈ بینک معاہدہ کی خلاف ورزی ،بگلیہار ڈیم کی سٹوریج کیلئے دریائے چناب کا 45ہزار کیوسک پانی روک لیا

پیر 16 اکتوبر 2017 21:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) بھارت کی ورلڈ بینک معاہدہ کی خلاف ورزی ،بگلیہار ڈیم کی سٹوریج کیلئے دریائے چناب کا 45ہزار کیوسک پانی روک لیا ، پانی کی سطح میں شدید کمی سے 25سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ، نہر مرالہ راوی لنک کے بعد نہر اپر چناب کے بند ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ میں ورلڈ بینک میں طے پایا تھا کہ بھارت 25اگست تک بگلیہار ڈیم کی سٹوریج کیلئے پانی روک سکتا ہے لیکن بھارت نے سندھ طاس ورلڈ بینک معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماہ اکتوبر میں دریائے چناب کا 45320کیوسک پانی بگلیہار ڈیم پر سٹوریج کیلئے روک لیا ہے۔

جس سے ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 54ہزار کیوسک کی بجائے 8680کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے جبکہ دریائے جموں توی اور دریائے مناورتوی کا 1959کیوسک پانی شامل کیا جائے تو پانی کی آمد 10639کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے جس کی بناء پر ہیڈ خانکی کیلئے 4000کیوسک اورنہر اپر چناب کو 18500کیوسک کی بجائے 6639کیوسک پانی فراہم کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

جس کی بناء پر ہیڈ بمبانوالہ کے مقام پر نہر نوکھر کو پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے جبکہ لوئیر چناب اور بی آربی کو بھی پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔

جس سے ضلع سیالکوٹ ،گوجرانوالہ، شیخو پورہ اور لاہور کی زرعی اراضی اور کاشتکار شدید متاثر ہورہے ہیں دوسری طرف محکمہ انہار اور فلڈ کنٹرول سینٹر نے تمام دریائوں اور ندی نالوں سے فلڈ ایمرجنسی ختم کرتے ہوئے اپنے عملہ کو جو پانی کی آمد کی 24گھنٹے نگرانی کررہے تھے واپس بلا لیا ہے۔