بھکر،خوراک کے عالمی دن کے موقع پر ''محفوظ خوراک …سب کیلئے ''کے زیر عنوان ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

پیر 16 اکتوبر 2017 21:20

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء)خوراک کے عالمی دن کے موقع پر ''محفوظ خوراک …سب کیلئے ''کے زیر عنوان ایک آگاہی سیمینار محکمہ خوراک کے ضلعی دفتر اور محکمہ صحت کے اشتراک سے منعقد کیاگیا جس میںاے ڈی سی ریونیوحافظ احمد طارق مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ریاض حسین اعوان،فوڈ گرین انسپکٹرز ودیگرسٹاف،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رائومحمد سلیمان،انجمن تاجران کے صدر رانامحمد حنیف وجنرل سیکریٹری عاشق کھوکھر،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر اشرف رضا،ڈائریکٹر ڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر محمد اسحاق وہیلتھ سٹاف،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب فوڈاتھارٹی ، دیگر مختلف شعبوں کے افسران واہلکاران اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سیمینار کے مہمان خصوصی اے ڈی سی ریونیوحافظ احمد طارق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب نے عوام الناس کو ملاوٹ سے پاک،صاف ستھری ،صحت افزاء اور غذائیت سے بھرپور اشیائے خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دوررس نتائج کے حامل اقدامات کیے ہیںتاکہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اشیائے خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی یوم خوراک کے موقع پر آگاہی سیمینار کے انعقاد کو مستحسن امر قرار دیا اور کہاکہ اس کی بدولت معاشرے میں ''اچھی خوراک…بہتر صحت''کا اصول حکومت پنجاب کے وژن کے عین مطابق سرایت پذیری حاصل کرے گا۔

اس موقع پرمحکمہ صحت ،پنجاب فوڈاتھارٹی اورلائیوسٹا ک ڈپارٹمنٹ کے افسران نے خطاب کرتے ہوئے شرکائے سیمینار کو ملاوٹ اور مضر اثرات سے پاک خوراک اور حفظان صحت کے بنیادی اصولوںکے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔انہوں نے شرکاء سے کہاکہ ''محفوظ خوراک… سب کیلئی''کے سلسلہ میں فراہم کی گئی معلومات ضلع بھر میں ہر سطح پر پہنچائی جائیں تاکہ اچھی خوراک کے بارے میں آگاہی عام کرکے بیماریوں سے پاک ماحول کی ترویج یقینی بنائی جاسکے۔

قبل ازیںمحکمہ خوراک کی مقامی انتظامیہ کی طرف سے عالمی یوم خوراک منانے کی غرض و غایت واضح کی گئی اور غذائی عدم تحفظ کوکم کرنے ،گندم کی پیداوار اورذخائر کی استعداد بڑھانے ،کسانوں کی فلاح و بہبود ،کھیت سے باورچی خانے تک خالص اورمعیاری خوراک کی دستیابی ،گندم کو موسمی اثرا ت سے محفوظ بنانے ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قیام ،آٹے کی قیمت کو عام آدمی کی قوت خرید میںرکھنے کے اقدامات سمیت دیگر امور میں حکومت پنجاب کی کاوشو ں کا تفصیل کے ساتھ تذکرہ کیاگیا۔سیمینار کے اختتام پر ایک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی جس کامقصد عالمی یوم خوراک کی اہمیت کو اجاگر کرناتھا۔