حافظ آباد، محکمہ خوراک کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں عالمی یوم خوراک آگاہی سیمینار کا اہتمام

پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی عوام غذائیت میں کمی کا شکار ہیں، سجاد حسین قیصر

پیر 16 اکتوبر 2017 21:18

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2017ء) عالمی دن سے دیگر اضلاع کی طرح حافظ آباد میں بھی محکمہ خوراک کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ایک آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔سیمینار میں محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ کنٹرولر آف انسپکشن سجاد حسین قیصر ،ایگریکلچر آفیسر فراز حسین ،فوڈ ٹیکنالوجسٹ ارشاد اور سپر نٹنڈنٹ ڈی سی آفس حامد کمال انصاری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی ۔

سمینار کے مقررین نے عالمی یوم خوراک کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی عوام غذائیت میں کمی ،غذائی عدم تحفظ اور خوراک میں وٹامنز ،نمکیات کی کمی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پانچ سال سے کم عمر 34فی صد بچے وزن کے لحاظ سے کمزور ،39فی صد بچے عمر کے لحاظ سے چھوٹے قد اور 13فی صد بچے سوکھڑے پن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ان تمام عوامل کے سدباب اور ٹھوس حل کے لیے متعدد اہم اقدامات کئے ہیں جن میں محفوظ اور غذایئے سے بھر پور خوراک تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانا ،غذائی عدم تحفظ کو کم کرنا ،غذائیت کی پیداوار اور اسکے ذخائر کی استعداد کار کو بڑھانے سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔مقررین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پہلے ہی 200ارب کے تاریخی کسان اور ذراعت دوست پیکج کے ذریعے کسانوں اور زمینداروں کو مقامی مراعات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جبکہ ملاوٹ سے پاک صاف،صحت مند اور غذائیت سے بھر پور خوراک کی دستیابی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبائی اور ضلعی سطح پر ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فورٹیفائیڈ آٹا،آیوڈین ملا نمک اور وٹامن اے اور ڈی سے بھر پور خوردنی تیل اور گھی کا استعمال صحت کے لیے بیحد ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت کے لیے انہیں متوازن غذا کی ضرورت ہوتی ہے اور والدین کو چاہیے کہ بچوں کو دودھ ،انڈا ،دہی ،مکھن اور گوشت کے مناسب استعمال کی بھی رغبت دلائیں۔

متعلقہ عنوان :