حکمرانوں کی معیشت بہتر جبکہ عوام کی حالت ابتر ہوچکی ہے ،وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ ملک کی معاشی صورتحال تسلی بخش ہے ‘سراج الحق

زرعی اور صنعتی پیداوار خطے کے تمام ممالک سے نیچے جا چکی ہے ، پانی کا شدید بحران سر پر کھڑا ہے ، درآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں جبکہ برآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں‘امیر جماعت اسلامی

پیر 16 اکتوبر 2017 21:16

حکمرانوں کی معیشت بہتر جبکہ عوام کی حالت ابتر ہوچکی ہے ،وزیر داخلہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں کی معیشت بہتر جبکہ عوام کی حالت ابتر ہوچکی ہے ، عام آدمی نان شبینہ کے لیے پریشان ہے ، 80 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں پڑھے لکھے بے روزگار وں کی فوج ظفر موج اپنے خاندانوں پر بوجھ بنی ہوئی ہے ، ملک کے داخلی اور خارجہ حالات ناقابل بیان حد تک خرابی کاشکا ر ہیں جبکہ وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ ملک کی معاشی صورتحال تسلی بخش ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ملک کی آدھی آبادی خط ِ غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ۔ زرعی اور صنعتی پیداوار خطے کے تمام ممالک سے نیچے جا چکی ہے ۔

(جاری ہے)

پانی کا شدید بحران سر پر کھڑا ہے ۔ درآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں جبکہ برآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر تیزی سے کم ہورہے ہیں ۔

عوام کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں ۔ ان حالات میں حکمرانوں کی طرف سے ترقی کے دعوے فاقہ زدہ لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات میں حکمرانوں کے معاشی ترقی کے بے بنیاد اور جھوٹے دعوئوں پر کوئی اعتبار نہیں کرے گا ۔ وزیر داخلہ جس ترقی کی بات کر رہے ہیں ، وہ پاکستان میں کہیں نظر نہیں آتی ۔

دریں اثنا سینیٹر سرا ج الحق نے گزشتہ روز کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے کیپٹن حسنین سمیت چار فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہدا کے خاندان پوری قوم کے سر کا تاج ہیں اور وطن عزیز پر قربان ہونے والے سپوتوں نے اپنی جان دے کر پیغام دیاہے کہ ملک و قوم کا تحفظ انہیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے ۔ انہوںنے شہدا کے لیے بلندی درجات اور ان کے خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔