Live Updates

تحریک انصاف کی سینئرقیادت کااجلاس،عمران خان کا26تاریخ کو رضاکارانہ طور پہ الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ

اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت پرالیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کیخلاف کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق انتخابی قوانین پر عملدرآمد ،انتخابات کا شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے،تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت اپنا نکتہ نظر بیان کرنے کا پورا حق حاصل ہے،الیکشن کمیشن یا چیف الیکشن کمشنر بارے تنقید یا تحفظات کے اظہار سے روکنا جمہوری و سیاسی اقدار پر قدغن کے مترادف ہے، تحریک انصاف

پیر 16 اکتوبر 2017 21:16

تحریک انصاف کی سینئرقیادت کااجلاس،عمران خان کا26تاریخ کو رضاکارانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر قیادت سنیئر قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں26تاریخ کو رضاکارانہ طور پہ الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میںاسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت پرالیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کیخلاف کارروائی جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی تفاق کیا گیا کہ انتخابی قوانین پر عملدرآمد اور انتخابات کا شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے۔الیکشن کمیشن اپنے بنیادی فریضہ کی انجام دہی میں ناکام رہا ہے۔چیف الیکشن کمشنر بعض مقدمات میں کمیشن کی غیر معمولی سرگرمی اور بعض میں بے عملی سے تحریک انصاف کو پہنچنے والے نقصان کا احساس کرے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے اجلاس میں اس موقف پر بھی اتفاق کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے کچھ نہیں سیکھا۔

الیکشن کمیشن عدالتی کمیشن کی جانب سے دریافت کیے گئے 40سے زائد نقائص کی درستگی میں بھی ناکام رہا۔چیف الیکشن کمشنر نے 120اور 122کے ضمنی انتخابات میں ''ن لیگ'' کے ہاتھوں قانون شکنی کو مکمل نظر انداز کیا۔تحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت اپنا نکتہ نظر بیان کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔الیکشن کمشن یا چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے تنقید یا تحفظات کے اظہار سے روکنا جمہوری و سیاسی اقدار پر قدغن کے مترادف ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات