اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،مقررین

پیر 16 اکتوبر 2017 20:33

ڈی جی خان۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں خوراک کا عالمی دن منایاگیا ․ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار کے علاوہ واک کا انعقاد کیاگیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او تعلیم عبدالغفار لنگاہ ، ڈی ایف سی جاوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد شہباز سرور ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سجاد سرور ، محبوب حسین ، محمد ریاض ملک اور دیگر نے کہاکہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں غیر متوازن غذ ا سے انسانوں میں وٹامنز او ر نمکیات کی کمی ہو جاتی ہے جس سے پنجاب میں پانچ سال سے کم عمر کے 34فیصد بچے وزن کے لحاظ سے کمزور ، 39فیصد بچے قد میں چھوٹے اور 13.

(جاری ہے)

7فیصد بچے سوکھے پن کا شکار ہوجاتے ہیں ․ خوراک کا عالمی دن منانے کا مقصد عوام کو متوازن غذا کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے ․ کم عمر بچوں ، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی مائوں میں غذ ا کی کمی پورے کرنے کیلئے خاص اقدامات کرنے ہوں گے ․ غذائی عدم تحفظ کو دور کرنا ہو گا ․ ملاوٹ سے پاک صاف صحتمند اور غذائیت سے بھر پور خوراک کی دستیابی کیلئے حکومت پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر محکمے کام کر رہے ہیں تاہم مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے سول سوسائٹی کو آگے آنا ہو گا ․ مقررین نے کہاکہ نوزائیدہ کو فورا ماں کا دودھ پلایا جائے اور چھ ماہ تک ماں کا دودھ ہی بہتر غذا ہے دو سال تک ماں کا دودھ جاری رکھنا چاہیئے ․ صحت مند زندگی کیلئے آئیوڈین کا استعمال لازمی کیا جائے ․ سیمینار میں حکومت پنجاب کے مختلف اقدامات کو اجاگر کیاگیا اس موقع پر اوپن یونیورسٹی سے کچہری چوک تک واک کا بھی انعقاد کیاگیا․