بہاول پورچیمبرآف کامرس کی وفدکی وفاقی وزیربلیغ الرحمان سے ملاقات، تاجر برادری کے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال

بہاولپور میں جلد انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی،بلیغ الرحمان وومن یونیورسٹی کے قیام کے لیے 125 ایکٹر اراضی مختص کر دی گئی ہے، علاقے میں زراعت کی پیداوار میں اضافے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے، وفاقی وزیر کی چیمبر اراکین سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 20:30

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) بہاول پورچیمبرآف کامرس کی وفدکی وفاقی وزیربلیغ الرحمان سے ملاقات، بہاولپور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے ایک وفد نے صدر چیمبر ملک محمد اعجاز ناظم کی قیادت میں وفاقی وزیر تعلیم میاں محمد بلیغ الرحمن سے ایک ملاقا ت کی ۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدر حافظ جواد حسن ، نائب صدر عمیر سلیم اراکین ایگزیکٹو کمیٹی ، چیمبر کے سابق صدر ڈاکٹر رانا محمد طارق خان ، سابق نائب صدر اور پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اقبال چوہدری ، انجمن تاجران غلہ منڈی بہاولپور کے صدر حاجی عبدالمجید شریک تھے۔

بہاولپور کی صنعتی و تجارتی برادری کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے صدر چیمبر نے میاں بلیغ الرحمن کو بتایا کہ انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام عرصہ دراز سے زیر التواء ہے جس کی وجہ سے علاقے کی صنعتی ترقی جمود کاشکا ر ہے اور علاقے میں نئی انڈسٹری ڈویلپ نہیں ہورہی اور اسی وجہ سے بے روزگاری اور جرائم کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

صدر چیمبر نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے این 5کراچی بائی پاس پر قائم انڈسٹری کو این او سی کے حصول کے لیے نوٹسسز موصول ہورہے ہیں اور ان این او سی کی بھاری فیسیں رکھی گئی ہیں اور سالانہ رینٹل چارجز بھی مقرر کیے گئے ہیں جو کہ انڈسٹری پر اضافی بوجھ ہیں۔

صدر چیمبر نے وفاقی وزیر سے یہ بھی درخواست کی کہ علاقے کی زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ زرعی اعتبار سے ہمارا علاقہ مالا مال ہے اور یہاں کی تقریباً 70 فیصد آبادی زراعت کے کاروبار سے منسلک ہے ۔ صدر چیمبر نے کہا کہ بہاولپور چیمبر کی یہ کوشش ہے کہ یہاں کے سیاسی قائدین کی خدمات کو حاصل کرتے ہوئے علاقے کے مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچایا جا سکے اور حل طلب مسائل کابروقت ازالہ ہو سکے ۔

ملاقات میں موجو د چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن محمد ارشد صابری نے ہاشمی گارڈن میں پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کا پانی ناقابل استعمال اور مضرت صحت ہے جس کی وجہ سے کئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ انہوںنے درخواست کی کہ ہاشمی گارڈن کی ایسوسی ایشن چاہتی ہے کہ ششماہی نہر کے قریب جو ٹربائن نصب کی گئی ہے ، اس ٹربائن کو چلانے کے لیے مقامی انتظامیہ اجازت دے تاکہ ہاشمی گارڈن کے مکینو ں کے لیے پینے کے پانی کا بندوبست کیا جا سکے اور اس پر اٹھنے والے تمام اخراجات ہاشمی گارڈن کی ایسوسی ایشن اٹھائے گی۔

وفاقی وزیر تعلیم میاں محمد بلیغ الرحمن نے بہاولپور چیمبر کے وفد میں شامل چیمبرکے تمام اعلیٰ عہدیداران اور اراکین ایگزیکٹوکمیٹی کو چیمبر میں بلامقابلہ منتخب ہو نے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انڈسٹریل سٹیٹ پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ایک خط لکھا ہے اور ان سے درخواست کی گئی ہے کہ انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کے لیے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں۔

انہوںنے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوںمیں سٹے انڈسٹریل ٹ پر کا م شروع ہو جائیگا۔ انہوںنے یہ بھی بتایا کہ بہاولپور کی تعمیر وترقی کے لیے ہماری حکومت تگ و دو کر رہی ہے۔تعلیمی سرگرمیوں میں بہت سے اقدامات کیے جا رہے ہیںاور بہاولپور انسٹی ٹیوٹ ا ٓ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ وومن یونیورسٹی کے قیام کے لیے 125 ایکٹر اراضی مختص کر دی گئی ہے۔

انہوںنے یہ بھی بتایا کہ وٹرنری یونیورسٹی میں زراعت کے شعبے کو بھی شامل کیا گیا ہے اور اس یونیورسٹی کے ساتھ جدید سلاٹر ہائوس کی تعمیر بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بہاولپور میں بیسکو کی تکمیل آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی یہ منصوبہ ورکنگ پوزیشن میں آجائیگا۔ انہوںنے چیمبرکے وفد کو یقین دلایا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی ، صنعتی و تجارتی مسائل کے ازالے کے لیے بہاولپور چیمبر کی جانب سے پیش کیے گئے تمام مسائل کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے چیمبرکے وفد کو اپنی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔