جمہوریت کیلئے محمد نواز شریف کا کردار سب کے سامنے ہے‘ پاکستان کے مقبول ترین لیڈر اور شریف فیملی پر عجلت میں ریفرنس چلائے جارہے ہیں‘مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے جس طرح ملک و قوم کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے‘ پوری قوم کو ان پر فخر ہے‘ کینیڈین فیملی کو بازیاب کروانے پر امریکی صدر کو بھی تعریف کرنا پڑی ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ

پیر 16 اکتوبر 2017 20:20

جمہوریت کیلئے محمد نواز شریف کا کردار سب کے سامنے ہے‘ پاکستان کے مقبول ..
لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا کردار سب کے سامنے ہے‘ پاکستان کے مقبول ترین لیڈر اور شریف فیملی پر عجلت میں ریفرنس چلائے جارہے ہیں‘ اندیشہ ہے اس میں انصاف کا قتل نہ ہو‘ امید ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں گے اور انصاف کو دفن نہیں ہونے دینگے‘ وہ پیر کے روز پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے‘ صوبائی وزیر نے کہا کہ 70 سالوں میں جب سے نیب آرڈیننس وجود میں آیا حتیٰ کہ مارشل لاء کے دور میں بھی کوئی ریفرنس ایسانہیں ہو گا جس کی سماعت اتنی عجلت میں کی گئی ہو‘ یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے پیچھے سے ایسی پشت پناہی ہو رہی ہو کہ ہر معاملہ پر حتیٰ کہ فرد جرم پر بھی وقت نہیں دیا گیا‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت نیب عدالتوں میں دو سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے خلاف بھی نیب ریفرنسز زیر سماعت ہیں اگر ان کا فیصلہ چھ ماہ میں ہو چکا ہے اور ایسی عجلت میں سماعت ہو رہی ہے تو پھر ہمیں بھی کوئی اعتراض کا حق نہیں پہنچتا‘ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ وہ آئین و قانون کے مطابق اپنا فریضہ دیانتداری سے بخوبی ادا کر رہے ہیں اور ان کے ہر لفظ کو پوری قوم سنتی‘ سمجھتی اور عزت کرتی ہے‘ ان کے بیان کی کسی اور کو جلسوں میں ترجمانی کرنے کا کوئی حق نہیں‘ انہوں نے کہا کہ پنڈی کا ایک شیطان آئے روز ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کو اپنے معنی پہناتا ہے‘ اس کا انہیں نوٹس لینا چاہئے اور دو ٹوک الفاظ میں اس عمل سے انہیں روک دینا چاہئے‘ اگر یہ ہو گیا تو ہر تیسرے روز پیدا ہونیوالا ابہام ختم ہو جائیگا‘ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے جس طرح ملک و قوم کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے‘ پوری پاکستانی قوم کو ان پر فخر ہے‘ گزشتہ روز جس طرح فرائض کی ادائیگی میں ایک کیپٹن سمیت 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اس سے پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا‘ جس طرح آپریشن میں افواج پاکستان نے کینیڈین فیملی کو بازیاب کروایا‘ امریکی صدر کو بھی اس کی تعریف کرنا پڑی اور حقانی نیٹ ورک کا جو الزام پاکستان پر لگایا جارہا تھا‘ ان شہداء نے قربانی دیکر ان الزامات کو دھویا‘ ایک سوال کے جواب میں وزیر قانون نے کہا کہ کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ جلسوں میں یہ تبصرے کرے اور یہ کہے کہ میں مسلح افواج کے پیچھے کھڑا ہوں‘ انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ افواج پاکستان کے پیچھے پوری قوم کھڑی ہے‘ عائشہ گلالئی نے عمران خان کے کردار پر جو بات کی ‘ وہ اس سے بھی دوڑ گئے‘ ایسے کرداروں کی افواج پاکستان کو کوئی ضرورت نہیں‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی اور سکیورٹی کے اعتبار سے مضبوط ملک ہے اور یہ آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ مزیدمحفوظ ہو گا‘ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف عدالتوں میں کیسز کا سامناکر رہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ پیرول پر قیدیوں کو بھی ایسی صورتحال میں رہائی مل جاتی ہے‘ نواز شریف اپنی اہلیہ کے پاس ان کی بیماری کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں‘ وہ عدالت میں پیش ہو کر گئے اور دوبارہ بھی آئینگے اور پیش ہونگے‘ یہ کہنا کہ نواز شریف عدالتوں کا سامنا نہیں کر رہے یہ تاثر غلط ہے۔