وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ اور بعد از مرگ واویلا کے مترادف ہے ‘عبدالعلیم خان

کشکول توڑنے کے دعویداروں نے ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ، ادارے دیوالیہ ہو گئے ہیں‘ بیان

پیر 16 اکتوبر 2017 20:12

وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ اور بعد از مرگ واویلا کے مترادف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ اور بعد از مرگ کے واویلا کرنے کے مترادف ہے بہتر ہو تا کہ وہ اپنے منہ آپ میاں مٹھو بننے کی بجائے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ،اس قدر شرمناک بات ہے کہ عالمی ادارے پاکستان کے وزیر خزانہ کو اپنے فورم پر آنے سے منع کر رہے ہیں ۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ کشکول توڑ دینے کے دعوے کرنے والوں نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبادیا ہے ، واپڈا کے قرضے 17سے 81، پی آئی اے کے 61سے 122ارب تک پہنچ گئے ہیں اور 4سال میں سرکاری قرضوں میں 611ارب کا اضافہ ہوا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ صورتحال انتہائی گھمبیر ہے اور مجموعی سرکاری قرضوں کا حجم 1106ارب تک پہنچ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنی تجوریاں بھرنے کیلئے ملکی معیشت کو تباہ کرنے والوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے، یہ عدالتوں میں پیشی سے استثنیٰ مانگتے پھر رہے ہیںاورتاخیری حربوں سے کارروائی میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پی ٹی آئی کا ہر کارکن عمران خان کیساتھ کھڑا ہے،اس مشن میں کوئی پیچھے نہیں ہٹے گا، لوٹی گئی دولت ملک میں واپس لاکر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ اقتدار کے بھوکوں سے کسی خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کسی اور کی نہیں عوام سے دھوکا کرنے اور جھوٹ بولنے کے عادی کرپٹ مافیا کی وجہ سے خطرے میں ہے،باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اداروں کیخلاف بیان بازی کرنے والے احتساب کے عمل کو ٹالنے کی کوشش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے،عوام بنیادی سہولیات کو ترستے رہیں تو اس کا مطلب ہے کہ حکمران اپنے کام میں بدیانتی کررہے ہیں،ملکی وسائل کو لوٹنے والوں کو کھلا چھوڑ دیا گیا تو ملکی معیشت کبھی اپنے قدموں پر کھڑی نہیں ہوگی۔