وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کیس کا پاناما سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے ،ْدانیال عزیز

ْبس پروپیگنڈا کے ذریعے کرپشن ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،ْوفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 20:05

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کیس کا پاناما سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کیس کا پاناما سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے ،ْ بس پروپیگنڈا کے ذریعے کرپشن ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں ،ْوہ جن دستاویزات پر بحث کررہے ہیں وہ اگست 2017کے ہیں۔

دانیال عزیز نے کہا کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا پاناما پیپرز سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انکے خلاف عہدے کے استعمال کا بھی کوئی الزام نہیں ہے، انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ لوگ اوچھے ہتھکنڈے اور بیک ڈور استعمال کرکے چور دروازہ سے آگے آنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر مملکت انوشہ رحمان نے کہاکہ عمران خان اور پرویز مشرف کے سوا تمام لوگ عدالتوں میں پیش ہوئے، بتایا جائے کہ کیا عمران خان عدالت سے بالاتر ہیں ادارے عمران خان پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالتے کیا انکی پشت پر کون سی قوت کارفرما ہے۔

انوشہ رحمان نے کہا کہ عدالتی حکم پر بنائے گئے ریفرنسز میں انصاف ملنے کی توقع ہو سکتی ہے ،ْعبوری جج کی موجودگی میں انصاف نہ ملنے کا اندیشہ ہے ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہماری بات سننے سے انکار کر دیا،نیب گواہوں کو بولنے کا موقع نہیں دے رہی وزیر مملکت نے کہاکہ جو کچھ ہمارے ساتھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے ،کیا ریٹائرڈ جرنیلوں کو استثنیٰ حاصل ہے ،کیاعدالتوں کا پرویز مشرف پر بس نہیں چلتا کیا نیب کورٹ میں صرف سویلین کا احتساب ہو گا عمران خان کو کیوں نہیں پکڑا جاتا چیئرمین پی ٹی آئی کو ہتھکڑی لگاتے ہوئے کیوں ہاتھ کانپ رہے ہیں ،کیا عمران خان ماورائے عدالت ہیں ان کے پیچھے کوئی قوت ہے ،انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنی رٹ قائم کرنی چاہئے ،یہ جھوٹے مقدمات بنا کر ہمیں ہٹاناچاہتے ہیں ۔