لاہور ہائیکورٹ نے واپڈا میں تقرریوں کے طریقہ کار کی تفصیلات طلب کر لیں

پیر 16 اکتوبر 2017 19:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین واپڈا،ممبرفنانس اور ممبر واٹر کی مبینہ طور پر میرٹ کے برعکس تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر واپڈا میں تقرریوں کے طریقہ کار کی تفصیلات طلب کر لیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزارمجیب الحسن کی جانب سے چیئرمین واپڈا ، فنانس اور واٹر ممبرز کی تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے۔

دوران سماعت عدالت نے قرار دیا کہ آئین مشترکہ مفادات کونسل کو واپڈا کی نگرانی کا اختیار دیتا ہے لیکن آئینی اختیار ہونے کے باوجود مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے کچھ نہیں کیا گیا۔عدالت نے افسوس کا اظہار کیا کہ واپڈا میں چیئرمین اور ممبرز کی تعیناتیوں کا طریقہ کار موجود نہیں ۔عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 23 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے تقرریوں کے طریقہ کار کی تفصیلات طلب کر لیں۔