اقوا م متحدہ کی سعودی اتحاد کو بلیک لسٹ قرار دینے سے متعلق رپورٹ گمراہ کن ہے، یمن میں قتل و غارت گری حوثی باغیوں کی وجہ سے ہے‘ حالیہ رپورٹ انہیں شہ دینے کے مترادف ہے، مسلم امہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی،جماعة الدعوة اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن

پیر 16 اکتوبر 2017 19:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) جماعة الدعوة اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ اقوا م متحدہ کی سعودی اتحاد کو بلیک لسٹ قرار دینے سے متعلق رپورٹ گمراہ کن ہے۔ یمن میں قتل و غارت گری حوثی باغیوں کی وجہ سے ہے‘ حالیہ رپورٹ انہیں شہ دینے کے مترادف ہے۔ مسلم امہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

سرزمین حرمین شریفین پر میزائل داغنے والے حوثیوں کی بغاوت کچلنا انتہائی ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کو فلسطین، کشمیراو ربرما میں نہتے مسلمانوں کا بہتا ہوا خون کیوں نظرنہیں آتا ۔ سعودی عرب کی کردار کشی برادر اسلامی ملک کیخلاف تعصب کا نتیجہ ہے۔ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے‘ حلف نامہ کو اقرار نامہ میں تبدیل کرنے کی سازشیں کرنیو الوں کو اس کی سزا ضرور ملنی چاہیے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی اتحاد پر بچوں کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر بلیک لسٹ قرار دینا درست نہیں ہے۔ یو این کو چاہیے کہ وہ اس معاملہ کو تعصب کی عینک سے نہ دیکھے اور اصل حقائق کو مدنظر رکھے۔ سعودی اتحاد مکہ اور مدینہ پر حملوں کی دھمکیاں دینے اور میزائل حملے کرنے والے حوثی باغیوں کیخلاف کاروائی کر رہا ہے‘ بچوں کے قتل کے الزامات قطعی طور پر درست نہیں ہیں۔

سعودی اتحاد کو بلیک لسٹ کرنا حوثی باغیوں کو شہ دینے اور سرزمین حرمین شریفین کے امن کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کا حصہ ہے۔انہوںنے کہاکہ یمن میں حوثی باغیوں نے قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ نے سعودی اتحاد کو تو بلیک لسٹ کر دیا ہے لیکن اپنی رپورٹ میں حوثیوں کے مظالم کا کہیں کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ ایک طرف یہی اقوام متحدہ حوثی باغیوں کے یمن سے نکلنے کی بات کرتی رہی ہے اور اب ایسی رپورٹیں جاری کر کے انہیں تقویب پہنچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

یو این کو اپنادوہرا معیار ترک کرنا چاہیے اور سعودی اتحاد کو بلیک لسٹ کرنے کی بجائے حوثیوں کی بغاوت کچلنے میں سعودی عرب کی زیر قیادت اتحاد کی مددوحمایت کرنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کیخلاف الزامات حقائق سے چشم پوشی کے مترادف ہے۔