نیشنل سکیورٹی کالج کے وفد کا واپڈا ہائوس کا دورہ ، پانی اور بجلی کے شعبوں بارے بریفنگ دی گئی

پیر 16 اکتوبر 2017 18:17

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) نیشنل سکیورٹی کالج اسلام آباد میں جاری نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء پر مشتمل وفد نے واپڈا ہائوس کا دورہ کیا ،وفد کی قیادت ریئر ایڈمرل زین ذوالفقار کر رہے تھے ، دورے کے موقع پر وفد نے پاکستان میں پانی اور بجلی کے شعبوں سے متعلق بریفنگ میں شرکت کی ،واپڈاکے ممبر فنانس محمد اکرام خان ، ممبر پاور محمد ارشد چوہدری ، ممبر واٹر سید ریاض علی شاہ ،چیئرمین کے پرنسپل سٹاف آفیسر بریگیڈیئر(ر) اختر عباس جنجوعہ اور واپڈا کے دیگر سینئرآفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ایڈوائزر دیا مر بھاشا ڈیم ڈاکٹر اظہار الحق اور پیپکو کے جنرل منیجر ریونیو اینڈ کمرشل آپریشن محمد سلیم نے وفد کو پانی اور بجلی کے امور پر بریفنگ دی،پانی کے شعبہ سے متعلق بریفنگ کے دوران وفد کو بتایاگیا کہ منگلا اور تربیلا سمیت ملک کے بڑے آبی ذخائر میںپانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 25 فی صد کم ہو چکی ہے ، جس کی وجہ آبی ذخائر میں گاد بھر جانے کا قدرتی عمل ہے ۔

(جاری ہے)

وفد کو مزید بتایا گیا کہ 1976 ء سے 2017 ء کے دوران ہر سال اوسطاً 29 ملین ایکڑ فٹ پانی کوٹری بیراج سے زیریں جانب چلا جاتا ہے،مذکورہ صورتحال کے پیش ِ نظر ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کے لئے نئے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے ۔ وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان میں 60ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، جس سے بھر پور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قومی نظام میں کم لاگت پن بجلی کی شرح میں اضافہ کیا جاسکے،بجلی کی قلت پر قابو پایا جائے اور بجلی کی قیمتوں میں استحکام لایا جاسکے، پاور سیکٹر سے متعلق بریفنگ میں وفد کو پاور سیکٹر کی تنظیم ِ نو اور اصلاحات ، پیپکو کو درپیش چیلنجز اور مستقل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بتایاگیا،وفد کو بجلی کے شعبہ میں بہتری لانے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق حکومتی اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

بریفنگ کے اختتام پر سوال جواب کا سیشن ہوا، بعد ازاں ممبر فنانس واپڈا اور وفد کے سربراہ نے سووینیئرز کا تبادلہ کیا۔

متعلقہ عنوان :