وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 16 اکتوبر 2017 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد افلاس کی زندگی گزارنے والے خاندانوںکے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اوریہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب اور نادار افراد کی مدد کرنا دین اسلام کا درس ہے۔ غربت معاشرے میں بگاڑ اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے غربت کا خاتمہ ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ معاشی ناہمواری ختم کرکے غربت کے ناسور کو بہت حد تک کم کیا جا سکتا ہے اوروسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے افلاس کے خلاف جنگ جیتی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے سے غربت کے مکمل خاتمہ کیلئے مربوط انداز میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ غربت سے متعلق مسائل میں کمی لانے کیلئے موثر اقدامات اور ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے غربت کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے انقلابی پروگرام شروع کر رکھے ہیںاور حکومت پنجاب کے فلاحی پروگراموں سے صوبے کے لاکھوںغریب خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ غریب عوام کی حالت زار میں بہتری حکومتی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ حکومت ملک سے غربت کے خاتمے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے سر گرم عمل ہے۔ انہوںنے کہا کہ افلاس کے خاتمے کیلئے کوششیں معاشرے کے ہر فرد کی اخلاقی، قومی اور سماجی ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہا کہ عدم مساوات کے خاتمے کیلئے مذہبی رہنمائوں، علماء اور میڈیا کا کردار بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے دن کا یہی پیغام ہے کہ غربت،محرومی اور عدم مساوات کے خاتمے میں معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔