پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان وسیع تر اقتصادی تعاون کی بہت گنجائش موجود ہے، دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبہ جات میں زیادہ روابط کا ہدف مقرر کرنا چاہئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکمانستان کے سفیر سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 18:06

پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان وسیع تر اقتصادی تعاون کی بہت گنجائش موجود ہے، دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبہ جات میں زیادہ روابط کا ہدف مقرر کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطاء جان نورلوچ مولا موف سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم سے عبارت قریبی اور خوشگوار تعلقات استوار ہیں، مختلف شعبوں دوطرفہ اشتراک کار بتدریج بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ترکمانستان۔افغانستان۔پاکستان۔بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبہ میں شریک عمل ہیں جو پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے بہت صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ کی جلد فعالیت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس بات کو بھی سراہا گیا کہ دونوں ممالک تجارت، سفری سہولیات، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے فضائی اور زمینی رابطوں سمیت وسیع تر مواصلاتی روابط کیلئے اقدامات پر مرکوز ہیں۔