پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے ،ْ سرتاج عزیز

پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لئے بیش قیمت قربانیاں دیں ،ْ برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی سے گفتگو پاکستان برطانیہ کے ساتھ بھی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے دونوں ممالک کے مابین کاروباری روابط وقت کی ضرورت ہے ،ْ گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 18:03

پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی اور برابری کی بنیاد پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہاہے کہ پاکستان پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی اور برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے۔اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین نجکاری کمیشن سرتاج عزیز سے برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی اوون کینکن نے ملاقات کی۔ برطانوی وفد میں ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دفاعی حکام بھی شریک تھے۔

ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، دو طرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لئے بیش قیمت قربانیاں دیں اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے پاکستانی معیشت کے استحکام و سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بیرونی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، گزشتہ 10 سالوں میں پاکستان نے بلند ترین شرح نمو حاصل کی۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی اور مساوی بنیاد پر تعلقات کا خواہشمند ہے ،ْافغانستان میں قیام امن اور ترقی کے لئے بھرپور کردار ادا کیا جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا کیوں کہ پاکستان میں امن اور ترقی افغانستان میں قیام امن سے جڑی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ بھی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے دونوں ممالک کے مابین کاروباری روابط وقت کی ضرورت ہے۔برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی کے مطابق برطانیہ پاکستان کے تمام مسائل سے آگاہ اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام و فوج کی قربانیاں قابل تعریف ہیں ہم پاکستان کے ساتھ مل کر تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔