پارٹی فنڈنگ کیس ،ْ الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی تفصیلات کا جائزہ لینے کا فیصلہ

ہم پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی تفصیلات کا جائزہ لے سکتے ہیں ،ْ چیف الیکشن کمشنر ہائی کورٹ کے حکم تک اکاؤنٹس کی تفصیلات درخواست گزار کو فراہم نہیں کریں گے ،ْ ریمارکس

پیر 16 اکتوبر 2017 18:03

پارٹی فنڈنگ کیس ،ْ الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی تفصیلات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی تفصیلات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کی جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے ثقلین حیدر ایڈوکیٹ جبکہ درخواست گزار اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ہم پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی تفصیلات کا جائزہ لے سکتے ہیں جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اکاونٹس کا جائزہ لے مگر درخواست گزار کو تفصیلات نہ دی جائیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم تک اکاؤنٹس کی تفصیلات درخواست گزار کو فراہم نہیں کریں گے، ہائیکورٹ نے فیصلہ تک تفصیلات کسی سے شیئر نہ کرنے کا حکم دیا جس پر وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ ہائیکورٹ 5 دسمبر کو پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کرے گی۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت21 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔