سیاسی عدم استحکام کے باعث معاشی صورتحال متاثر ہورہی ہے ‘ خلدون جاوید ملک

برآمدات میں اضافہ کرکے ہی کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پایا جاسکتا ہے ،برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے ،چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 16 اکتوبر 2017 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن خلدون جاویدملک نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک کی مجموعی معاشی صورتحال متاثر ہورہی ہے ،درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی ہورہی ہے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پا س زر مبادلہ کے محفوظ ذخائر تین ماہ کے درآمدی بل کی ادائیگی سے بھی کم رہ گئے ہیں ایسی صورتحال میں معاشی استحکام کیلئے ہنگامی اقداما ت کی ضرورت ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ کو کنٹرول اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر شفیق اے نقی ،وائس چیئرمین میاں شہریار علی کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خلدون جاوید ملک نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے معاشی استحکام ناگزیر ہے ۔انہوںنے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام میں واضع اضافہ ہواہے جس سے حکومتی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنے میں بھی خطرات بڑھ گئے ہیںاور عالمی بینک کے مطابق بجٹ خسارے ارو کرنٹ اکائونٹ خسارہ پر قابو پاکر ہی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے ۔

کرنٹ اکائونٹ خسارہ زرمبادلہ کے ذخائر کو متاثر کر رہا ہے اور برآمدات میں اضافہ کرکے ہی کرنٹ اکائونٹ خسارے پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ اشیاء کی پیداواری لاگت میں کمی سے برآمدات بڑھ سکیں۔اور تجارتی خسارہ کو کنٹرول کرکے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوسکے۔