کوئی وجہ نہیں حکومت اپنی مدت پوری نہ کرے،نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے‘سردار ایاز صادق

ہر ایک کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور یہی پاکستان کے لئے بہتر ہے‘ اسپیکر قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 16 اکتوبر 2017 17:17

کوئی وجہ نہیں حکومت اپنی مدت پوری نہ کرے،نواز شریف جلد وطن واپس آئیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کوئی وجہ نہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری نہ کرے ، جون میں نگران حکومت بنے گی اور 2018ء کے عام انتخابات کے نتائج بھی سب کے سامنے ہوں گے ،ہر کسی کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا ہوگا ،بیگم کلثوم نواز کی کیمو تھراپی ہو رہی ہے ، نواز شریف انشا اللہ جلد وطن واپس آئیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے چار سالہ دور میں جتنے ترقیاتی کام کرائے ہیں اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی بلکہ قیام پاکستان سے ہماری حکومت کے آنے سے پہلے تک اتنے کا م نہیں ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موجودہ حکومت کے مدت پوری کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی وجہ نہیں کہ حکومت اپنی مدت پوری نہ کرے ۔

جہاں تک سیاسی عدم استحکام کی بات ہے تو یہ سلسلہ پاکستان بننے سے لے کر آج تک چلا آرہا ہے ۔ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور جون میں نگران حکومتیں بنیں گی ۔ 2018ء میں بھی نتائج کارکردگی کی بنیاد پر آئیں گے جو سب کے سامنے ہوں گے۔ انہوںنے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ محترمہ بیگم کلثوم نواز کی کیمو تھراپی ہو رہی ہے ، نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے۔

انہوںنے سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں ایک چیز اہم سمجھتا ہوں کہ ہر ایک کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیے ۔ جہاں تک پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کا سوال ہے تو مجھے اس کے لئے جو بھی کردار ادا کرنا پڑا میں وہ ادا کروں گا ۔ کسی کو بھی ایک دوسرے کی حدود میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے اور یہی پاکستان کے لئے بہتر ہے ۔ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے سب کو اکٹھے چلنا ہوگا اور اس کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں۔