اے این ایف خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منشیات نذر آتش کرنے کی تقریب کا انعقاد

معاشرے سے منشیات جیسی لعنت کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا وقت کی ضرورت ہے، میاں جمشید الدین کاکا خیل

پیر 16 اکتوبر 2017 16:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء) اینٹی نارکوٹکس فورس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منشیات نذر آتش کرنے کی تقریب ریگی للمہ کے مقام پر منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا میاں جمشید الدین کاکا خیل تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اے این ایف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فورس کمانڈر اے این ایف خیبرپختونخوا بریگیڈیئر مدثر سعید نے تقریب کے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

تقریب کے شرکاء میں قانون نافذ کرنے والولے ادارروں کے افسران، غیر سرکاری تنظیمیں، سول سوسائٹی، قومی ہیروز، میڈیا کے نمائندے اور پشاور کی مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور سکولوں کے طلباء و طلبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے کو بری طرح متاثر کر رہی ہے لہٰذا اس لعنت کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اینٹی نارکوٹکس فورس انتہائی محدود وسائل کے باوجود منشیات کی لعنت کے خلاف احسن طریقے سے نبرد آزما ہے اور منشیات کے استعمال کے خلاف شعور بیدار کرنے کی غرض سے ملکی سطح پر آگاہی مہمات چلارہی ہے۔ تقریب کے موقع پر عوام میں آگاہی کیلئے سٹیج ڈرامہ پیش کیا گیا اور قومی نغمے بھی گائے گئے جسے فاسٹ یونیورسٹی اور ایگریکلچر یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے یوتھ ایمبیسیڈرز کی ٹیم نے تیا رکیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ تقریب میں موجود پاکستان کے نامور قومی کھلاڑیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے دور رہنے اور اپنی توانائیوں کو کھیلوں کی طرف مبذول کرنے کی تلقین کی۔ فورس کمانڈر اے این ایف خیبرپختونخوا بریگیڈیئر مدثر سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو آگاہ کیا کہ تقریب کے دوران تقریباً59 ٹن منشیات جلائی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ میں آپ کو یہ آگاہ کرتا چلوں کہ اس سال خیبرپختونخوا میں بھاری مقدارمیں پکڑی گئی منشیات ریجنل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں بھی جلائی گئی ہیں جس کی مقدار تقریباً 29 ٹن تھی۔ بریگیڈیئر مدثر سعید نے بتایا کہ اس سال اینٹی نارکوٹکس فورس کے درج کئے ہوئے 168 مقدمات کی سماعت مکمل ہوئی جن میں صرف 03 مقدمات میں ملزمان بری ہوئے جبکہ 165 مقدمات میں ملزمان سزا یاب ہوئے، 8 کو عمر قید کی سزائیں ہوئیں۔

یوں سزا کی شرح 98 فیصد رہی۔ اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات میں ملوث سمگلروں کی کمائی سے بنائے ہوئے اثاثہ جات کی تفتیش بھی کرتی ہے اور اس سال 551.273 ملین روپے کے اثاثہ جات کو منجمد کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے نوجوان نمائندوں کے ذریعے یوتھ ایمبیسیڈر پروگرام جاری کیا ہے جس سے ملکی سطح پر نوجوانوں میں منشیات کے خلاف آگاہی اور معاشرے پر اس کے اثرات کو اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔

اس کے علاوہ اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات کے استعمال کو کم کرنے کی سرگرمیوں میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی گورنمنٹ کے اشتراک سے منشیات کے عادی افراد کیلئے مفت علاج معالجہ کیلئے پشاور میں100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کی تعمیرا ختتامی مراحل میں ہے اور عنقریب اس کا کام مکمل ہو جائے گا ۔ جہاں پر منشیات کے عادی افراد کا مفت علاج معالجہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :