Live Updates

عمران خان کے 6 لاکھ 72 ہزار پاونڈ کی منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی ، فواد چوہدری

پیر 16 اکتوبر 2017 15:16

عمران خان کے 6 لاکھ 72 ہزار پاونڈ کی منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی ، فواد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے 6 لاکھ 72 ہزار پاونڈ کی منی ٹریل عدالت میں جمع کرادی ہے،عمران خان کبھی عوامی عہدے پر نہیں رہے تو وہ کیسے نااہل ہوں گیکچھ لوگ چاہتے ہیں عمران خان اور جہانگیر ترین سمیت سب نااہل ہوجائیں تاکہ نوازشریف کی نااہلی کا دکھ کچھ کم ہو،۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی 6 لاکھ 72 ہزار پانڈ کی منی ٹریل مکمل ٹرانزیکشن کے ساتھ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کا مقدمہ قسط وار چل رہا ہے اس لیے دستاویزات بھی قسط وار لارہے ہیں، جج صاحبان بڑی باریک بینی سے آڈٹ کررہے ہیں، جب جج صاحبان نیا سوال کرتے ہیں تو کاغذات کے لیے ہمیں تگ و دو کرنی پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ اس سلسلے کا آخری حصہ مکمل ہوگیا، عمران خان کی 6 لاکھ 72 ہزار پانڈ کی منی ٹریل مکمل ٹرانزیکشن کے ساتھ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے اور اب اس مقدمے کا تقریبا اختتام ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیازی سروسز عمران خان کی ملکیت نہیں اور نہ ہی عمران خان اس کے ایک بھی شیئر کے مالک ہیں، نیازی سروسز میں تین مختلف کمپنیاں ہیں جس میں سے عمران خان کا صرف ایک اپارٹمنٹ تھا جسے بیچ کر پیسہ پاکستان لایا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں نوازشریف اور عمران خان کے کیس ایک جیسے ہیں تو وہ دیکھ لیں کہ نوازشریف کا کیس 16 کمپنیوں اور 300 ارب کے گرد گھوم رہا ہے اور عمران خان کی 41 سال کی ٹوٹل منی ٹریل 6 لاکھ 72 ہزار پانڈ ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں نواز شریف نااہل ہوئے تو عمران خان اور جہانگیر ترین سمیت سب نااہل ہوجائیں تاکہ نوازشریف کی نااہلی کا دکھ کچھ کم ہو، عمران خان ایک دن بھی ملک کے وزیراعظم یا وزیراعلی نہیں رہے جب کہ نوازشریف ساڑھے 9 سال وزیراعظم، 5 سال وزیراعلی اور وزیر خزانہ بھی رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پروفیشنل کرکٹر تھے اب اگر یہ ثابت کرنا پڑے کہ انہوں نے کرکٹ کھیلی اور اس سے پیسے کمائے تو ان بونگیوں کا جواب نہیں دیا جاسکتا،(ن)لیگ کی بونگیوں کی داستان رقم ہے، کس طرح ان کے قطری خط نکلے وہ سب کے سامنے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات