حکومت عارضی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے‘شریف اعوان

گزشتہ دو ماہ سے ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہونے کی وجہ سے عارضی ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں‘صدرآل سیکرٹریٹ ایمپلائیز ایسوسی ایشن

پیر 16 اکتوبر 2017 14:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) آل سیکرٹریٹ ایمپلائیز ایسوسی ایشن کے صدر شریف اعوان نے کہا ہے کہ حکومت عارضی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ۔گزشتہ دو ماہ سے ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہونے کی وجہ سے عارضی ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اخباری بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ملازمین کو مستقل کیئے جانے کے سلسلہ میں وزراء کی کمیٹی بنائی جس کی سفارشات مرتب ہو رہی ہیں لیکن اسی دوران ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کی جانا سمجھ سے بالا تر ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہماری کسی سے جنگ عداوت نہیں آفیسر کوئی بھی ہوں چھوٹے ملازمین کی مشکلات سب کے سامنے ہیں آج کے دور میں اگر کسی کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جاتی تو گزارہ کیسے ممکن ہو گا ایک ماں یا عورت اس بات کو اچھی طرح سمجھ سکتی ہے ایڈیشنل سیکرٹری بھی کسی کی ماں ،بہن بیٹی ہوں گی انہیں ملازمین کی مشکلات کیوں نظر نہیں آتیں ہم وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ،وزیر تعلیم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایڈیشنل سیکرٹری حکومت کو عارضی ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کے احکامات دیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ادوار میں ملازمین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حق میںبطور اپوزیشن لیڈر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور ایم ایل اے (وقت ) بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی ہی آواز بلند کرتے رہے اب تو ان کی ہی حکومت ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم اور وزیر تعلیم اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کروا کر تنخواہ کی ادائیگی ممکن بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تعصب ،برادری ،اقرباء پروری سے بالاتر ہو کر ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :