ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے‘عبدالرشید ترابی

ایک سازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے تا کہ مسلم آبادی کو اکثریت سے اقلیت میں بدلا جائے ‘امیر جماعت اسلامی

پیر 16 اکتوبر 2017 14:49

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے 8لاکھ قابض بھارتی افواج کالے قوانین کی آڑ میں مظالم کی انتہا کر رہی ہے ،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے اندر جا کر خود حالات مانیٹر کریں ،ہزاروں گمنام قبروں کی دریافت ہو چکی،ہزاروں کشمیری نوجوان آج بھی لاپتہ ہیں ،ہزاروں عفت ماب خواتین کی آبروریزی ہو چکی ہے اور آج بھی قابض بھارتی افواج بچیوں اور خواتین کو بے آبرو کررہی ہے ،پیلٹ گنز اور کیمیائی ہتھیاروں سے ہزاروں لوگوں کو مفلوج کیا جا چکا ہے سکولوں کو فوجی چھاونیوں میں تبدیل کیا جا چکا ہے ایک سازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے تا کہ مسلم آبادی کو اکثریت سے اقلیت میں بدلا جائے ،مسلمانوں کو مذہبی رسومات اور عبادت کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی گائے کے ذبیح پر پابندی ہے مقبوضہ کشمیرمیں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتں بھی محفوظ نہیں ہیں ہندوستان نے مظالم میں تاریخ کے سارے سامراجوں کو مات دے دی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے بین الاقوامی انسانی حقوق کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی،رنجیت سنگھ،ٹن کن،فاروق مشعل،نہال ابویوسف ،مفتی عبدا لمجید ندیم ،فلسطین سالیڈیریٹی کے راہنما نعیم ملک ،ساؤتھ کیمرون کمیونٹی کے راہنما برنڈ کونفوراور کمفورٹ کونفور،خواجہ سلیمان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربرہان نے خطاب کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی ذمہ داری تھی کہ وہ ہندوستان کو کٹہرے میں کھڑا کرتے لیکن ایسا نہ ہو سکا اگر چہ انسانی حقوق کی کئی تنظیموں نے ہندوستان کو بے نقاب کیا ہے ہم ان کی تحسین کرتے ہیں لیکن جس سطح پر ہندوستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اس سطح پر ہندوستان کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کی کارکردگی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی اور عالمی برادری کی بے حسی کی شہ پا کر ہندوستان اپنے مظالم میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ کررہا ہے انہوں نے کہاکہ عالمی برادری کے وعدے پر 65ہزار مسلح مجاہدین نے جنگ بندی کی تھی لیکن عالمی برادری ابھی تک کشمیریوں کو ان کا حق نہ دلا سکی جو افسوس ناک ہے انہوں نے کہا کہ برطانیہ کشمیر کے مسئلے کا عینی شاید ہے وہ اس مسئلے کے حل کے لیے بھرپور کردارا دا کرے عبدالرشید ترابی نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر قیمت پر مقبوضہ کشمیرمیں جا کر وہاں کے حالات کا خود مشاہدہ کریں ۔