ٹیکس واپس لینے کا معاملہ گلگت بلتستان کونسل کے دائرہ اختیار میں ہے،،فدا محمد ناشاد

پیر 16 اکتوبر 2017 14:46

ٹیکس واپس لینے کا معاملہ گلگت بلتستان کونسل کے دائرہ اختیار میں ہے،،فدا ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2017ء)سپیکر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان فدامحمد ناشادنے کہا ہے کہ ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوامی رائے ہمارے لئے قابل احترام ہے، ٹیکس سابقہ پی پی پی کے دور حکومت میں نافذ ہوا ہے یہ ہمارے دور حکومت میں نافذ نہیں ہوا ،اسمبلی کونسل کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرسکتی‘ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے کونسل کے اراکین آپس میں مشاورت کے ساتھ نظر ثانی کرسکتے ہیں ‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے خلاف اراکین اسمبلی نے احتجاج کیا اور ٹیکس کے نافذ کرنے کو آئینی حیثیت کے ساتھ مشروط کیاگیا اور اسمبلی میں جتنے بھی اراکین ہیں انہوں نے ٹیکس کے نافذ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے لیکن یہ معاملہ گلگت بلتستان کونسل کے دائرہ اختیار میں ہے اور اس حوالے سے گلگت بلتستان کونسل نے کام کرنا ہے اور عوامی تحفظات دور کرنے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسمبلی اپنے دائرہ اختیار میں کام کررہی ہے اور اس کے علاوہ جو دائرہ کار کونسل کا ہے ان کو کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ گلگت بلتستان کونسل کے اراکین آپس میں بیٹھ کر اس معاملے پر غور کریں جو سفارشات عوام کے مفاد میں ہیں اسی پر کام کریں اور اپنی سفارشات وزیراعظم پاکستان جو کونسل کے چیئرمین ہے ان کے سامنے پیش کریں ۔