کرغیزستان کا صدارتی انتخاب،

سورونبائی جینبیکوف نے جیت لیا

پیر 16 اکتوبر 2017 14:03

بشکیک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) کرغیزستان کا صدارتی انتخاب سورونبائی جینبیکوف نے جیت لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی ایشیائی ریاست کرغیزستان میں اتوار کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں سابق وزیراعظم سورونبائی جینبیکوف کو نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے چون فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ان کے قریب ترین حریف ارب پتی تاجرعمر بیگ بابانوف تھے۔

(جاری ہے)

نئے صدر سبکدوش ہونے والے صدر الماس بیگ اتم بائیف کی جگہ منصب سنبھالیں گے۔ کرغیزستان کے چیف الیکشن کمشنر نے ووٹوں کی 97 فیصد گنتی مکمل ہونے پر جینبیکوف کی کامیابی کی تصدیق کر دی۔ اپنی کامیابی کے بعد دارالحکومت بشکیک میں اپنے انتخابی دفتر میں ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر نے کہا کہ عوام نے ثابت کیا ہے کہ کرغیزستان ایک با اختیار اور جمہوری ملک ہے اور اس ملک کا مستقبل عوام کے ہاتھ میں ہے۔