امریکہ کی جانب سے موغادیشو حملے کی شدید مذمت

اس احمقانہ اور بزدلانہ حملے کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ حکومتِ صومالیہ، اس کے عوام اور اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے،ترجمان محکمہ خارجہ

پیر 16 اکتوبر 2017 14:03

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) امریکہ نے صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ صومالیہ کے عوام اور اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے، تاکہ دہشت گردی سے نمٹنے اور امن، سلامتی اور خوش حالی کے حصول کی کاوشوں میں ان کی مدد کی جا سکے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ہم تمام صومالیوں سے دل کی گہرائی سے تعزیت کرتے ہیں، خصوصی طور پر ان احباب اور اہل خانہ کے ساتھ جن کے پیارے اِن حملوں میں ہلاک ہوئے۔ ساتھ ہی، ہم زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کے متمنی ہیں۔ترجمان نے کہا ہے کہ اس احمقانہ اور بزدلانہ حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ حکومتِ صومالیہ، اس کے عوام اور اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے، تاکہ دہشت گردی سے نمٹنے اور امن، سلامتی اور خوش حالی کے حصول کی کاوشوں میں ان کی مدد کی جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق، صومالیہ میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 276افراد ہلاک جب کہ 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حملوں کے بعد، احتجاج کے طور پر لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

متعلقہ عنوان :