کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ہم کارکن کی دل سے قدر کرتے ہیں‘خواجہ محمد خان ہوتی

پیر 16 اکتوبر 2017 13:02

رستم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) سابق وفاقی وزیر اور پی پی پی کے مرکزی رہنماء خواجہ محمد خان ہوتی نے کہا ہے کہ سدھوم کے غیور عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد سدھوم کو گیس فراہم کردوں گا اگر نہ کرسکا تو خود اسمبلی نشست سے مستعفی ہوجائوں گا، ہر دور میں مفاد پرست اور موقع پرست سیاستدانوں نے یہاں کے عوام کو سوئی گیس کی فراہمی کا وعدہ کرکے منافقت کی سیاست کی ہے،عمران کی نظریں وزیر اعظم کی کرسی پر ہے ، صوبائی حکومت کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں ہم کارکن کی دل سے قدر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حاجی فیاض علی اعوان کے حجرے میں ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر حلقہ پی کے 29کے متوقع اُمیدوار شاہ نواز خان ، اورنگزیب خان، حاجی نواب علی، غفران خان اور سابق ڈسٹرکٹ ممبر عبد العزیز خان نے بھی خطاب کیا ، خواجہ ہوتی نے کہا کہ پی پی پی میں لوکل سطح گروپ بندیوں کا خاتمہ کرکے تمام جیالوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کروں گا جس کیلئے جلد ایک کمیٹی قائم کی جائے گی ، صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعویدار حکومت میں تعلیم اور صحت کے شعبے قابل رحم ہے عوام کو مفت تعلیم اور مٖفت علاج کے دعوے صرف اخبارات تک محدود ہوگئے آج بھی تھانوں میں پیسوں پر ناجائز کام ہورہے ہیں ، ایک پارٹی چیئر مین اپنا گھر نہیں بنا سکتا وہ نیاپاکستان کیا بنائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور وزارت میں تقریباً پانچ ہزار افراد کو روزگار دیا جبکہ تبدیلی لانے والوں نے اپنے نوجوانوں کو صرف دھرنوں اور نعرہ بازی میں مصروف رکھا ، نوجوان اپنے روشن مستقبل کیلئے پی پی پی کا ساتھ دیں ، پی پی پی ان کو روزگار دیں گے، اگر نوجوانوں کو ان کی تعلیم کی مناسبت سے روزگار نہ دے یا کسی روکاوٹ ڈالی تو اسمبلی نشست چھوڑ کر اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ رہوں گا، انہوں نے کہا کہ سدھوم پی پی پی کا گڑھ بن چکا ہے کوئی ماں کا لعل پی پی پی کے اُمیدوار کو نہیں ہرا سکتا ، کارکن الیکشن کی تیاری شروع کریں کیونکہ آئندہ دور صرف اور صرف پی پی پی اور غریب عوام کا ہے۔

متعلقہ عنوان :