حافظ آباد میں رشتہ سے انکار پر نوجوان نے فائرنگ کرکے دو خواتین کو قتل کر دیا، ایک شدید زخمی ، نعشیں ہسپتال منتقل

تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ،ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جا ئیگا ،پولیس

پیر 16 اکتوبر 2017 12:27

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اکتوبر2017ء) حافظ آباد کے علاقہ جیلانی پورہ میںرشتہ سے انکار پر نوجوان نے فائرنگ کرکے دو خواتین کو قتل کر دیا۔ فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔پولیس نے قتل ہونے والی خواتین کی نعشیں تحویل میں لے لیں جبکہ زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں ٹھٹھہ بھون کا رہائشی عادل نامی نوجوان جیلانی پورہ کی رہائشی زوبیہ سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن اس کے گھر والے رضامند نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ملزم نے اسی رنجش پر ان کے گھر آکر فائرنگ کر دی جس سے زوبیہ اور خالہ رضیہ موقع پر جاں بحق ہو گئیں۔ فائرنگ سے مقتولہ زوبیہ کی والدہ آسیہ بی بی شدید زخمی ہو گئی جسے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔سٹی پولیس نے دونوں نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم اور ضروری کاروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیں۔ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں تاہم ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیںاور جلد اسے گرفتار کر لیا جا ئیگا۔

متعلقہ عنوان :