ملک کی ترقی و خوشحالی سے متعلق محمد نواز شریف کے وژن کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، رکن صوبائی اسمبلی کانجی رام کامستحق ہندوئوںمیںامدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اتوار 15 اکتوبر 2017 22:30

رحیم یار خان۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) رکن صوبائی اسمبلی پنجاب کانجی رام نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی سے متعلق محمد نواز شریف کے وژن کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی گذشتہ چار سال کی کامیاب پالیسیوں کے مثبت ثمرات عوام تک پہنچنے شروع ہو گئے ہیںاور ملک دیر پا ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، آج پورے ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے اور انڈسٹری کا پہیہ چل رہا ہے عنقریب پاکستان سے اندھیروں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

شیخ زید پبلک سکول رحیم یار خان میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پرمستحق ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے 1254خاندانوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے فی کس پانچ ہزار روپے مالیت کے امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے کانجی رام نے کہا کہ ملک کو ترقی و کامرانی کی جانب گامزن کرنے کے لئے اقلیتی برادری کا بھی کلیدی کردار ہے اور پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اقلیتوں کو اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے مکمل آزادی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہندوبرادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر مستحق خاندانوں کو یاد رکھتے ہوئے امدادی چیک فراہم کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے متحد ہوکر اس ملک کو درپیش چیلنجز سے باہر نکالنا ہے کیونکہ دشمن ہم میں مذہبی اور فرقہ ورانہ خلیج ڈالنا چاہتا ہے مگر ہم نے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنے سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ چلنا ہے کیونکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)اعتزاز انجم نے کہا کہ حکومت اس ملک میں بسنے والے شہریوں کو یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے اور آج ملک کے دفاعی و انتظامی اداروں میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں بسنے والے سب پاکستانی ایک ہیں اور انہیں علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔کستورا جی شاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقلیتی و اکثریتی سب بھائی بھائی ہیں اور اس ملک کا قانون سب شہریوں کو یکساں تحفظ فراہم کرتا ہے لہذا اقلیتی برادری چاہے، ہندو، سکھ، عیسائی یا کسی بھی مذہب سے ہوں وہ اپنے بچوں کو تعلیم ضرور حاصل کروائیں اور فروغ تعلیم میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر والدین بچوں کو کامیاب شہری بنانے کا عزم کر لیں تو وطن عزیزکا ہر شہری اعلیٰ تعلیم یافتہ بن سکتا ہے۔