ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری، سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان ایف سی کا بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن، 14غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے گرفتار ،45 کلوگرام دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد ،آئی ایس پی آر

اتوار 15 اکتوبر 2017 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری، سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں جبکہ ایف سی بلوچستان نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کئے جس میں 14غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے گرفتار کر لئے گئے ،45 کلوگرام دھماکا خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد کر لیاگیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں پیرکوہ، ڈیرہ بگٹی، سرکی مرغا فقیر زئی اور قلعہ سیف اللہ میں ایف سی بلوچستان کی جانب سے سرچ آپریشن کئے گئے ،خفیہ اطلاعات پر کئے گئے ان آپریشنز میں 45 کلوگرام دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدکیا گیا جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم 14 افغان شہری گرفتار کر لئے گئے ۔سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس میں راکٹس،مشین گنز،رائفلز،پستول اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان کے گائوں ماچس میں آپریشن سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد سیکیورٹی فورسز نے اپنے قبضے میں کر لیا ۔