این ایف سی ایوارڈ آئینی ضرورت ہے جس کیلئے وزیر اعظم کو خط لکھا گیا ہے، یہ ایوارڈ 2015 میں ملنا تھا، وزیراعلیٰ سندھ

ملکی معیشت کے حوالے سے کافی ایشوز ہیں 2013ء سے ایکسپورٹ کم ہوئی ہے معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے کراچی میں چاقوبردار شخص نفسیاتی لگ رہا ہے اسے جلد گرفتار کر لیا جائیگا، ہالا میں مخدوم جمیل الزماں کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 15 اکتوبر 2017 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ آئینی ضرورت ہے جس کے لیے وزیر اعظم کو خط لکھا گیا ہے، یہ ایوارڈ 2015 میں ملنا تھا جس میں دو سال کی تاخیر ہو چکی ہے، ملکی معیشت کے حوالے سے کافی ایشوز ہیں 2013ء سے ایکسپورٹ کم ہوئی ہے معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، کراچی میں چاقوبردار شخص نفسیاتی لگ رہا ہے اسے جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اتوار کو ہالا پہنچے اور سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزمان سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی، صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، امداد پتافی ، مکیش کمار چائولہ ، ایم پی اے شرجیل انعام میمن بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ تھے جبکہ اس موقع پر ایم این اے مخدوم سعید الزمان، چیئرمین ضلع کونسل مٹیاری مخدوم فخر الزمان ، مخدوم عمار حیدر اور مخدوم خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ آئینی ضرورت ہے جس کے لیے چار روز قبل وزیراعظم کو خط لکھا گیا ہے یہ ایوارڈ 2015 میں ملنا تھا جس میں دو سال کی تاخیر ہو چکی ہے، آئی ایس پی آر کی طرف سے معیشت کے بارے میں بیان کے حوالے سے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے کافی ایشوز ہیں پیپلز پارٹی کی حکومت کے بعد خصوصی طور پر 2013 سے ملکی ایکسپورٹ کم ہوئی ہے اور معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن جلسے انتظامیہ کی اجازت سے شہرخصوصاً چھوٹے شہروں سے باہر ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو اور امن امان کا مسئلہ بھی پیدا نہ ہو، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے چھوٹے شہروں میں جلسے کرکے لوگوں کی زیادہ تعداد دکھاناچاہتی ہے پیپلزپارٹی بھی 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں جلسہ کر رہی ہے، پی پی یہ جلسہ شہر میں کرسکتی تھی مگر عوام کوتکلیف سے بچانے کے لیے جلسہ شہر سے باہر منعقد کیاجارہا ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سہیون شہر میں مسلح گروپ کے ہونے کا نوٹس لیا گیا ہے اور ایس ایس پی سے واقعہ سے متعلق رپورٹ طلب کی گئی ہے ہتھیار لیکر چلنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں ہے ، کراچی میں چاقوکے ذریعے خواتین پر حملہ کرنے والے شخص کی گرفتاری سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کہ یہ مجرم نفسیاتی لگ رہا ہے پولیس کے الرٹ ہونے کے بعد فی الحال خوف کے باعث غائب ہوگیا ہے اسے جلد گرفتار کر لیا جائیگا، امن وامان سے متعلق سوال پر سید مراد علی شاہ نے کہا کہ رواں سال محرم الحرام میں31 ہزار غیر ملکی کراچی آئے ہوئے تھے جن کو بہترین سیکیورٹی دی گئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جدوجہد سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ لاہور میں کرکٹ میچ کے دوران صرف 25 غیرملکی آئے ہوئے تھے تو وہاں میڈیا نے سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامیہ کی تعریف کی جبکہ ہم نے 31 ہزار غیر ملکیوں سمیت محروم الحرام کے جلوسوں کو مثالی سیکیورٹی دی اس کی بھی تعریف ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :