کاغذات نامزدگی کے حلف نامے کو اس کی پہلی شکل میںبحال کر دیا گیا ہے، رسالت کے حوالے سے ہم سب مسلمانوں کا ایمان مضبوط ہے، توہین رسالت کے قانون میں تبدیلی کا کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق

اتوار 15 اکتوبر 2017 20:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے اتوار کے روز بتایا کہ کاغذات نامزدگی کے حلف نامے کو اس کی پہلی شکل میںبحال کر دیا گیا ہے اور رسالت کے حوالے سے ہم سب مسلمانوں کا ایمان مضبوط ہے اور توہین رسالت کے قانون میں تبدیلی کا کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا۔ وہ قصبہ بھیں تحریک خدام اہلسنت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 50ویں سنی کانفرنس میں خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس کی صدارت مرکزی امیر قاضی الحسین نے کی۔ جبکہ رکن قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال کے علاوہ ملک بھر سے آئے ہوئے جید علمائے کرام اور ہزاروں افراد نے بھی شرکت کی۔ صدیق الفاروق نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی طرف سے آنے والی رپورٹ کی روشنی میں حلف نامے کی عبارت میں تبدیلی کی کوشش کرنے والے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قاضی ظہور الحسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کو اعلیٰ عہدوں سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفا ذ کے بغیر موجودہ بے چینی صورتحال ختم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدرسے اسلام کے قلعے ہیں اور اس ضمن میں دینی مدارس پر شکوک و شبہات کا اظہار کرنا کسی طورپر بھی درست نہیں۔ آخر میں سنی کانفرنس کے اختتام پر متعددقراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :